دہلی کے جامعہ نگر میں خوفناک آتشزدگی ۔7 افراد جاں بحق ۔ دس سے زائد شدید زخمی

دہلی کے وزیر اعلی اروند کجریوال نے جائے حادثہ کا جائزہ لیاہے اور متاثرین کیلئے پانچ پانچ لاکھ روپیہ کا اعلان کیاہے

نئی دہلی (ملت ٹائمز)
قومی دارالحکومت کے ذاکر نگر میں واقع ایک مکان میں پیر کودیر رات آگ لگنے سے ۷ افراد کی موت ہو گئی، جبکہ 10 افراد شدیدطور سے جھلس گئے۔فائر بریگیڈ کے ایک افسر نے بتایا کہ پیر کو دیر رات تقریبا 2.30 بجے ذاکر نگر میں آگ لگنے کی اطلاع ملی۔ اس کے بعد فائر بریگیڈ کی آٹھ گاڑیوں کو موقع پر بھیجی گئیں۔ انہوں نے بتایا کہ آگ پر قابو پا لیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق مرنے والوں میں دو مرد، دو خواتین اور دو بچے شامل ہیں. ابتدائی جانچ میں پتہ چلا ہے کہ اس چار منزلہ عمارت میں کل 13 فلیٹ تھے۔ آگ بجلی کے میٹر بورڈ سے پھیلی تھی۔ آگ اتنی بھیانک تھی کہ پارکنگ میں کھڑی سات کار اور آٹھ موٹر سائیکل بھی جل کر راکھ ہو گئی۔انہوں نے بتایا کہ آگ میں جھلسے لوگوں کو علاج کے لئے ہولی فیملی اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔
دہلی کے وزیر اعلی اروند کجریوال نے جائے حادثہ کا جائزہ لیاہے اور متاثرین کیلئے پانچ پانچ لاکھ روپیہ کا اعلان کیاہے ۔انہوں نے کہاکہ جو مرے ہیں ان کے اہل خانہ کو دہلی حکومت پانچ پانچ لاکھ روپیہ دے گی ۔ ادھر آل انڈیا ملی کونسل نے اس واقعہ پر اظہار یکجہتی کرتے ہوئے حکومت سے زخمیوں کی بھی مدد کرنے کی اپیل کی ہے ۔ ساتھ انہوں نے یہ مطالبہ کیا ہے کہ بجلی محکمہ اپنا انتظام بہتر کرے اور تحفظ کویقینی بنائے کیوں کہ شارٹ سرکٹ سے آگ لگنے کے واقعات مسلسل پیش آرہے ہیں ۔