یہ قبولیت کی وہ ساعتیں ہیں جن میں کی گئی کوئی دعا اللہ رب العزت رد نہیں کرتے اس لئے عصر اور مغرب کے درمیان حجاج کرام اللہ رب العزت کے حضور گڑگڑا کر خصوصی دعائیں کرتے ہیں
مکہ المکرمہ (ایم این این )
فریضہ حج کی ادائیگی کے لئے دنیا بھر سے حجاز مقدس پہنچنے والے لاکھوں کلمہ گو (آج) ہفتہ 9 ذوالحجہ(سعودی عرب کے مطابق ہندوستان میں آج 8ذی الحجہ ہے) کو حج کا رکن اعظم وقوف عرفہ ادا کریں گے۔ دنیا بھر سے آئے ہوئے تمام عازمین جمعہ 8 ذوالحج کومنیٰ میں قیام کیا جس کے بعد ہفتہ 9 ذوالحج کی صبح نماز فجر کے بعد حج کے رکن اعظم وقوف عرفہ کی ادائیگی کے لئے میدان عرفات پہنچ گئے جہاں فرزندان توحید مسجد نمرہ میں خطبہ حج سننے کے بعد نماز ظہر اور نماز عصر ایک ساتھ ادا کریں گے۔ عصر اور مغرب کے درمیان وقوف ہو گا۔ یہ قبولیت کی وہ ساعتیں ہیں جن میں کی گئی کوئی دعا اللہ رب العزت رد نہیں کرتے اس لئے عصر اور مغرب کے درمیان حجاج کرام اللہ رب العزت کے حضور گڑگڑا کر خصوصی دعائیں کرتے ہیں۔ سورج غروب ہوتے ہی میدان عرفات کو فوری طور پر چھوڑنے کا حکم ہے اس لئے حجاج کرام میدان عرفات کی حدود سے فوری طور پر مذدلفہ کا رخ کرتے ہیں۔ مذدلفہ میں شیطان کو مارنے کے لئے کنکریاں چننے کے ساتھ ساتھ رات کھلے آسمان تلے قیام کریں گے اور مذدلفہ میں ہی نماز مغرب اور نماز عشاءایک ساتھ ادا کریں گے۔ رات کھلے آسمان تلے قیام کے بعد نماز فجر کی ادائیگی کے بعد منیٰ پہنچیں گے جہاں شیطان کو کنکریاں مارنے اور قربانی کے بعد بال منڈوا کر احرام کھول دیں گے۔ اسی طرح 11 ذوالحج کو بھی تینوں شیطانوں کو بھی کنکریاں مارنے کا حکم ہے۔ 12 ذوالحج کو آخری دن شیطان کو کنکریاں مارنے کے بعد حجاج کرام مکہ المکرمہ واپس جا سکتے ہیں۔ واضح رہے کہ 10، 11، 12 ذوالحج کو منیٰ میں قیام کرنا حج کا لازمی رکن ہے۔ اس دوران طواف زیارت کے لئے حجاج کرام کے لئے مکہ المکرمہ میں مسجد الحرام جانا لازم ہے۔