حسن اخلاق اور بہترین سلوک آج دنیا کی ضرورت ۔ اللہ کی رحمت کا دروازہ ہمیشہ کھلا رہتا ہے: خطبہ حج میں مفتی اعظم کا مسلمانوں سے خطاب

مسلمان اپنے آپ کو سیاسی طور پر مضبوط کریں، اسلام کی حقیقی تصویر اعلیٰ اخلاق ہے، اللہ غرور اور تکبر کرنے والوں کو پسند نہیں کرتا، آج مسلمانوں کو اپنے سیاسی اور معاشی حالات دین کے مطابق ڈھالنے کی ضرورت ہے
مکہ مکرمہ(ایم این این )
مفتی اعظم و امام کعبہ نے مسجد نمرہ میں خطبہ حج کے دوران اس قول رسول االلہ صلی اللہ علیہ وسلم کو دہرایا کہ تم زمین والوں پر رحم کرو اللہ تم پر رحم فرمائے گا۔ بظاہر عالمی حالات کے پس منظر میں انہوں نے اللہ کی رحمت سے مایوس نہ ہونے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اللہ نے تمام مسلمانوں کو آپس میں ایک دوسرے کا بھائی بنایا ہے اور اچھے اخلاق، بہترین سلوک آج دنیا کی ضرورتیں ہیں۔ اللہ کی رحمت کا دروازہ ہمیشہ کھلا رہتا ہے۔
الشیخ محمد بن حسن آل الشیخ نے کہا ہے کہ امت مسلمہ نفرتوں کو مٹا دے، مسلمان اپنے آپ کو سیاسی طور پر مضبوط کریں، اسلام کی حقیقی تصویر اعلیٰ اخلاق ہے، اللہ غرور اور تکبر کرنے والوں کو پسند نہیں کرتا، آج مسلمانوں کو اپنے سیاسی اور معاشی حالات دین کے مطابق ڈھالنے کی ضرورت ہے۔
امام الشیخ محمد بن حسن آل الشیخ نے مسجد نمرہ سے خطبہ حج دیتے ہوئے کہا ہے کہ اللہ نے انسانوں اور جنات کو اپنی عبادت کیلئے بنایا، مسلمانوں کو تقویٰ کا راستہ اختیار کرنا چاہیے، اللہ کی توحید اور وحدانیت کو مضبوطی سے پکڑنا چاہیے، جو اللہ سے ڈرتا ہے اللہ اسے دنیا و آخرت کے ڈر سے نجات دلاتا ہے، اے عقل والو ! اللہ کی اس کائنات اور اس کے نظام پر بار بارغور کرو، اللہ تعالیٰ کی رحمت بہت وسیع ہے، اللہ نے قرآن میں فرمایا کہ آج اپنی نعمت کو پورا کر دیا، اللہ نے قرآن میں فرمایا، آج کے دن ہم نے دین مکمل کر دیا، نجات کا راستہ صرف اللہ کی رسی کو مضبوطی سے تھامنے میں ہے، اللہ نے قرآن میں فرمایا جدا جدا راستے نہ اختیار کیے جائیں۔
خطبہ حج میں کہا گیا کہ ماہ رمضان میں رحمتوں کے دروازے کھول دیئے جاتے ہیں، قرآن میں فرمایا گیا اللہ اپنی رحمت سے جسے چاہتا ہے علم عطا فرماتا ہے، نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے مسلم امہ کو ایک جسم کی مانند قرار دیا، اپنے والدین کے ساتھ بھلائی کا راستہ اختیار کریں، والدین کے بعد رشتے داروں سے اچھا رویہ اختیار کریں، نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا، تم زمین والوں پر رحم کرو اللہ تم پر رحم فرمائے گا، رحم دلی سے آپس میں تعاون اور بھائی چارہ قائم کرو، امت کو چاہیے ایک دوسرے سے شفقت کا معاملہ رکھے، نفرتیں ختم کرے، انسان ہو یا جانور، سب سے رحمت کا معاملہ کریں۔
امام الشیخ محمد بن حسن آل الشیخ نے خطبہ حج میں کہا اللہ کی خصوصی رحمت اور فضل کے باعث انسان جنت میں داخل ہوگا، تقویٰ کا راستہ اختیار کرنے میں ہی فلاح ہے، اللہ کی بارگاہ میں سجدہ ریز رہیں، تلاوت قرآن پاک کی عادت بنائیں، جو اپنے نفس کا تزکیہ کرتا ہے اللہ اسے پاکی عطا فرماتا ہے، فرض نماز کی پابندی کرو، نماز اسلام کا اہم رکن ہے، بیشک اللہ کی رحمت احسان کرنیوالوں کے قریب ہے، اللہ کی رحمت سے ہی ہم شیطان کے وسوسوں سے بچے رہتے ہیں، مسلمان دوسرے مسلمان کا بھائی ہے، مومن ایک دوسرے کیلئے مغفرت کی دعا کرے۔
خطبہ حج میں کہا گیا کہ نماز قائم کریں، برائی کو روکیں، اللہ اور اس کے رسول کی اطاعت کریں، اہل ایمان اللہ سے رحمت مانگیں، فرشتے اہل ایمان کیلئے رحمت کی دعا کرتے ہیں، غلطیاں معاف کرنے سے بھائی چارے کی فضا پیدا ہوتی ہے، اپنے گناہوں سے توبہ کرو، اللہ کی رحمت کے دروازے کھلے ہیں، حجاج کرام ! آپ لوگ وہاں موجود ہیں جہاں رحمتوں کا نزول ہو رہا ہے، حجاج کرام دعا میں مشغول رہیں، سب کیلئے دعائیں کریں، نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے بچوں کے ساتھ رحم دلی کی تلقین فرمائی۔
بشکریہ العربیہ ڈاٹ نیٹ

SHARE