عالمی عدالت میں جموں وکشمیر کا مسئلہ لے جائے گا پاکستان ۔ انسانی حقوق کی پامالی اور قتل عام جیسے مسائل پر ہوگی بحث

پاکستان آئی سی جے میں اپنا موقف مو¿ثر طریقے سے رکھنے کے لئے عالمی شہرت یافتہ وکلاء کی خدمات لے گا
اسلام آباد(یو این آئی )
ہندوستان کے 5 اگست کو جموں و کشمیر کے خصوصی ریاست کا درجہ منسوخ کرنے اور اس کا دو حصوں میں تقسیم کر کے لداخ اور جموں و کشمیر کے طور پر دو مرکز کے زیر انتظام ریاستیں بنانے کے خلاف پاکستان مسلسل احتجاج کررہاہے ۔ وزیر اعظم عمران خان کے مشیر برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے منگل کو کہا تھا کہ کشمیر کے مسئلے کو پاکستان دنیا کے ہر ایک پلیٹ فارم پر اٹھائے گا۔
آئی سی جے میں کشمیر مسئلے کو لے جانے کی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے منگل کو تصدیق کی ہے۔ انہوں نے ایک پرائیوٹ ٹیلی ویڑن چینل سے بات چیت میں کہا کہ یہ فیصلہ تمام قانونی امور پر تبادلہ خیال کے بعد لیا گیا۔ وزیر خارجہ نے کہا وزارت قانون اس پر کام کر رہی ہے اور جلد ہی تفصیلات کو عام کیا جائے گا۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان کے پاس ہندوستان کے خلاف مضبوط قانونی معاملہ ہے۔
ادھر ڈاکٹر اعوان نے کہا وزیر اعظم کی صدارت میں کابینہ کی میٹنگ ہوئی اور اس میں آئی سی جے میں کشمیر مسئلے کو لے جانے کے لئے عمران خان نے منظوری دی ہے۔ مشیر اعوان نے آئی سی جے میں اس معاملے کو اٹھائے جانے والے کچھ مسائل کے متعلق اشارے بھی دیئے۔ ڈاکٹر اعوان نے بتایا کہ آئی سی جے میں پاکستان کی فوقیت ’ہندوستانی زیر انتظام کشمیر میں انسانی حقوق اور قتل عام‘ رہے گی۔ پاکستان آئی سی جے میں اپنا موقف مو¿ثر طریقے سے رکھنے کے لئے عالمی شہرت یافتہ وکلاء کی خدمات لے گا۔