دلت نوجوان کو محبت کرنے کی ملی سزا، منھ پر سیاہی اور جوتوں کا مالا پہنا کر گاوں میں گھمایاگیا

نوجوان گاوں کی ہی ایک شادی شدہ خاتون سے محبت کرتا تھا اور خاتون بھی اس سے محبت کرتی تھی۔ تقریباً چار دن قبل دونوں گھر سے کہیں چلے گئے جس کی وجہ سے دونوں کے گھر والوں میں کشیدگی پیدا ہو گئی تھ
کرنال (ایم این این )
ہریانہ کے ضلع کرنال میں عاشق و معشوق جوڑے کو محبت کرنے کی ہیبت ناک سزا دی گئی۔ ذرائع کے مطابق عاشق کا تعلق دلت طبقہ سے ہے جس نے اپنے گاوں کی ہی دو بچوں کی ماں سے محبت کی اور کچھ دن قبل دونوں فرار ہو گئے۔ پھر جب گاوں والوں نے منگل کو ان دونوں کو پکڑا تو ایسی سزا دی جس سے عاشق و معشوق کا دل دہل گیا۔ دونوں کو ہی گاوں والوں نے سر عام ذلیل کیا۔ پہلے تو دونوں کی خوب پٹائی کی گئی اور پھر گلے میں جوتوں کی مالا پہنا کر ان کے چہرے پر سیاہی لگا دی گئی۔ اتنا ہی نہیں، دونوں کو اسی حالت میں پورے گاوں میں بھی گھمایا گیا۔
اس پورے واقعہ کا ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گیا ہے۔ جب ویڈیو کے بارے میں پولس کو خبر ملی تو وہ حرکت میں آئی۔ پولس نے دلت نوجوان سے بیان بھی لیا اور گاوں کے 12 لوگوں کو نامزد اور تقریباً 10 دیگر کے خلاف معاملہ درج کیا۔ اپنے بیان میں نوجوان نے بتایا کہ لوگوں نے نہ صرف اس کے عضو تناسل کو چوٹ پہنچائی بلکہ اس کے منھ میں پیشاب بھی کیا۔
میڈیا ذرائع کے مطابق نوجوان گاوں کی ہی ایک شادی شدہ خاتون سے محبت کرتا تھا اور خاتون بھی اس سے محبت کرتی تھی۔ تقریباً چار دن قبل دونوں گھر سے کہیں چلے گئے جس کی وجہ سے دونوں کے گھر والوں میں کشیدگی پیدا ہو گئی تھی۔ جب گاوں والوں کو یہ پتہ چلا کہ دونوں پانی پت کی کسی فیکٹری میں کام کر رہے ہیں اور وہیں رہ رہے ہیں، تو کچھ افراد وہاں پہنچے اور دونوں کو منگل کے روز گاوں لے آئے۔ اس کے بعد گاوں کے سابق سرپنچ کی رہائش پر دونوں فریق کی پنچایت ہوئی۔ پنچایت میں دونوں کو سزا دینے کا فیصلہ کیا گیا۔ الزام ہے کہ سابق سرپنچ کی موجودگی میں ہوئے فیصلے کے بعد دونوں کے گلے میں جوتوں کی مالا ڈالی گئی اور پھر ان کا منھ کالا کیا گیا۔ اس دوران کچھ لوگوں نے دونوں کی پٹائی بھی کی۔

اس پورے واقعہ کا کسی نے ویڈیو بنا لیا اور سوشل میڈیا پر وائرل کر دیا۔ اس ویڈیو کی وجہ سے پولس حرکت میں ائی اور نوجوان کے پاس بیان لینے پہنچ گئی۔ نوجوان نے پولس کو بتایا کہ اس کے ساتھ کافی برا سلوک کیا گیا اور اسے کافی چوٹ پہنچائی گئی۔ ڈی ایس پی راجیو کمار نے اس سلسلے میں میڈیا کو بتایا کہ نوجوان کی شکایت پر معاملہ درج کر لیا گیا ہے اور جانچ بھی شروع ہو چکی ہے۔ نوجوان کا میڈیکل بھی کرایا گیا ہے۔ پولس ملزمین کو جلد گرفتار کرنے کی بات کہہ رہی ہے۔ دوسری جانب سابق سرپنچ نے اپنے اوپر لگے سبھی الزامات کو بے بنیاد بتایا ہے۔

SHARE