دیوبند: (ایس چودھری) ملک سے فضائی آلودگی کو ختم کرنے کے لئے چلائی جارہی مہم کے تحت آج عالمی شہرت یافتہ ادارہ دارالعلوم دیوبند کے احاطہ عظمت ہوسپٹل کے سامنے ادارہ کے مہتمم مفتی ابوالقاسم نعمانی ، نائب مہتمم مولانا عبدالخالق مدراسی نے شجر کاری کی ۔ اس دوران ادارہ کے مہتمم مفتی ابوالقاسم نعمانی نے کہا کہ فضائی آلودگی کو ختم کرنے کے لئے ہم سب کی ذمہ داری ہے کہ کم سے کم ایک پودا ضرور لگائیں ۔ انہوں نے کہا کہ انسان کے زندہ رہنے کے لئے آکسیجن ، پانی وصفائی تینوں ضروری ہیں، ان کے بغیر انسان کا زندہ رہنا مشکل ہوتا ہے، آکسیجن کے لئے ہرایک انسان کو درخت لگاکر اس کی پرورش کرنے کا عہد لینا ہوگا ، شجر سے انسان ہی نہیں جانور ، پرندے اور فصلوں کو بھی آکسیجن ملتا ہے اس لئے سبھی لوگوں کو اس طرف توجہ دینی ہوگی ۔ مولانا نے نیم کے فوائد بھی گنوائے اور کہا کہ دانتوں کو صاف کرنے کے لئے نیم کی مسواک بہت اچھی ہوتی ہے ۔ ادارے کے اندر نیم کے درخت لگنے کے بعد یہاں کے طلبہ ان پیڑوں سے مسواک بھی حاصل کرسکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ درخت انسانی زندگی کے لئے بے حد ضروری ہے ، صاف ہوا اور ماحول کے لئے درختوں کالگایاجانا حدیث سے ثابت ہے۔ انہوں نے بتایا کہ دارالعلوم احاطہ میں الگ الگ مقامات پر سیکڑوں درخت لگائے جائیں گے جس کی شروعات آج عظمت اسپتال سے کی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ ادارہ کی جانب سے ان کی دیکھ بھال کے لئے باقاعدہ نظم کیا جائے گا ۔ اس موقع پر دارالعلوم دیوبند کے نائب مہتمم مولانا عبدالخالق مدراسی ، حکیم فرحت، ڈاکٹر عدنان، مولوی عثمان، محمد موسیٰ ، فہیم عثمانی وغیرہ موجود رہے۔

Leave a Reply