سیمانچل گاندھی مرحوم تسلیم الدین ہرطبقہ کے دبے کچلے لوگوں کی آواز اور ان کے مسیحاتھے

سیمانچل گاندھی تسلیم الدین کے یوم وفات پر سرفراز عالم کااظہارخیال
ارریہ (ملت ٹائمز)
سیمانچل گاندھی کے نام سے مشہوراورملک کے معروف سیاسی قائدالحاج محمدتسلیم الدین کے یوم وفات 17ستمبر کو آج متعدد مد ارس اوراہم تنظیموں کی جانب سے مرحوم کو خراج عقیدت پیش کیاگیااوران کے لیے دعائے خیرکااہتمام کیاگیا۔اس موقع پر سیمانچل کے دانشوروں،علماءاورسیاسی لیڈروں نے الحاج محمدتسلیم الدین کو یادکرتے ہوئے ان کی کمی کو شدت سے محسوس کیا۔اس موقع پر سیمانچل گاندھی کے سیاسی وارث اورارریہ کے سابق رکن پارلیمنٹ سرفراز عالم نے کہاکہ ہمارے قائدآج ہمارے درمیان نہیں ہیں جن کی کمی کااحساس سماج کے ہرطبقے کو ہورہاہے۔وہ سیمانچل ہی نہیں بلکہ اس ملک کے ہردبے کچلے لوگوں کے مسیحاتھا ،اس لیے ان کی یادہرطبقہ کوآرہی ہے۔سرفراز عالم نے کہاکہ آج جس طر ح ملک میں فرقہ واریت بڑھتی جارہی ہے اوربہارمیں اقلیتوں اورمحروم طبقات خاص طورپر سیمانچل کو ہرمحاذ پر نظر انداز کیاجارہاہے اس موقع پر تسلیم الدین صاحب کی یادآنا فطری ہے کیونکہ وہ سیمانچل کے لیے ایک بلندآواز تھے اوریہاں کی ترقی کے لیے وہ کسی سے بھی ٹکرانے کے لیے تیاررہتے تھے۔سابق ایم پی سرفراز عالم نے عہدکیاکہ ہم الحاج تسلیم الدین صاحب کی برسی کے موقع ان کے بتائے ہوئے راستوں پر چلنے کاعہدکرتے ہیں اورسماج سے نابرابری کو ختم کرنے کی جدوجہدجاری رکھیں گے ۔
الحاج تسلیم الدین کی ہرمہم میں ساتھ چلنے والے پروفیسررقیب احمد کہتے ہیں کہ آج ہمارے لیے غم کادن ہے کیونکہ سیمانچل کے مسیحا نے آج کے ہی دن اس دنیاکو خیربادکہاتھا۔ ارریہ کے سابق ممبرپارلیمنٹ سکھدیوپاسوان نے تسلیم الدین کو یادکرتے ہوئے کہاکہ وہ ہمارے مارگ درشک تھے ،انہو ںنے سیمانچل کے لیے ہمیشہ جدوجہد کی اوپر والاان کو شانتی دے اورارریہ کے سبھی سیاسی لیڈروں کو ان کے بتائے ہوئے راستوں پر چلنے کاحوصلہ دے۔بائسی اسمبلی حلقہ سے کانگریس کے سابق امیدوارنثاراحمد نے کہا کہ کلہیاکالال اب ہمارے درمیان نہیں رہا مگر ہمیں ان کے مشن کو لے کر آگے بڑھناہوگا۔الحاج تسلیم الدین کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ارریہ ،جوکی ہاٹ ،فاربس گنج اورکشن گنج کے بہت سی سیاسی وسماجی شخصیات نے اس عزم کااظہارکیاکہ ہم سیمانچل گاندھی کے دکھائے ہوئے راستوںسے نہیں بھٹکیں گے ۔الحاج تسلیم الدین کی مغفرت اوربلندی درجات کے لیے جامعہ دعوة القرآن فیٹکی چوک ضلع ارریہ میں دعائیہ مجلس منعقدکی گئی جس میں مرحوم کے حق میں دعا کی گئی ۔