ماضی میں جن دہشت گردوں نے امن کے شہر مکہ اور اللہ کے مقدس گھر کو اپنی دہشت گردانہ کاروائیوں کا نشانہ بنایا ہے انکے خلاف عالم اسلام کو اٹھ کھڑا ہو جانا چاہیے
نئی دہلی(ایم این این )
آل انڈیا مسلم مجلس مشاورت کے صدر نوید حامد نے چند روز قبل حوثی جنگ جوﺅں کے سعودی تیل تنصیبات پر دہشت گردانہ حملہ کی شدید مزمت کرتے ہوئے اسے نہ صرف بدبختانہ قرار دیا بلکہ اسے خطہ کے اور عالمی امن کےلئے ایک زبردست خطرہ قرار دیا ہے۔ صدر مشاورت نوید حامد نے اس خدشہ کا اظہار کیا کہ اس دہشت گردانہ حملہ سے نہ صرف پورے علاقہ کے امن کو خطرہ لاحق ہوا ہے بلکہ اس سے تباہ کن اقتصادی نتائج برآمد ہو سکتے ہیں اور عالمی مارکیٹ میں پیٹرول مصنوعات کی قیمتوں میں بے پناہ اضافہ ہوگا اور اسلئے یہ حملہ نہ صرف سعودی مملکت بلکہ عالمی معیشت پر حملہ ہے۔ مزید یہ کہ سعودی عرب کی شہری آبادی و تجارتی تنصیبات اور انفرااسٹٹکچر پر حملوں کا کسی طرح کا کوئی جواز نہیں ہوسکتااور اسکی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔ ۔
صدر مشاورت نے اپنے بیان میں کہا کہ ماضی میں جن دہشت گردوں نے امن کے شہر مکہ اور اللہ کے مقدس گھر کو اپنی دہشت گردانہ کاروائیوں کا نشانہ بنایا ہے انکے خلاف عالم اسلام کو اٹھ کھڑا ہو جانا چاہیے اور حوثی دہشت گردوں کے ہمدردوں کو سمجھنے کی ضرورت ہے کہ اس طرح کے دہشت گردانہ حملوں سے پورا خطہ جنگ کے شعلوں سے تباہ ہوجائے گا۔ اسلئے مسلم مجلس مشاورت تمام امن پسند قوتوں کے ساتھ ان دہشت گرد حملوں کی سخت مذمت کرتی ہے اور امید کرتی ہے کہ خطہ میں ان دہشت گرد قووتوں پر قدغن لگے گا اور علاقہ میں دیرپہ امن قائم ہوگا۔






