مغربی یوپی میں مجلس کو مضبوط بنانے کے لئے پارٹی نے سونپی ذمہ داری،کارکنان میں خوشی کا ماحول
مظفر نگر: (ایم این این) مجلس اتحاد المسلمین نے مغربی یوپی میں اپنی اکائی کو مضبوط کرتے ہوئے آج نوجوان عالم دین اور معروف سماجی و سیاسی خدمتگار مفتی اسامہ ادریس ندوی کو سہارنپور منڈل کا صدر نامزد کیاہے، مفتی اسامہ ادر یس ندوی کی نامزدگی پر کارکنان نے خوشی کااظہار کرتے ہوئے انہیں مبارکباد پیش کی اور امید ظاہر کی ہے کہ مفتی اسامہ ادریس ندوی اے آئی ایم آئی ایم کو مغربی یوپی میں مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرینگے۔آج لکھنومیں صوبائی صدر شوکت علی نے پارٹی کے صوبائی دفتر پر مفتی ندوی کو نامزدگی مکتوب سونپتے ہوئے کہاکہ آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین آپکی مسلسل سماجی امور میں جدوجہد کودیکھتے ہوئے آپ کو سہارنپور منڈل(سہارنپور،مظفرنگر اور شاملی) کا صدر منتخب کرتی ہے۔ شوکت علی نے کہاکہ ہمیں امید ہے کہ مفتی اسامہ ادریس ندوی پوری کمشنری سے لوگوں کو پارٹی سے جوڑینگے اور پارٹی کی اکائی کو مضبوط کرتے ہوئے پارٹی کے افکارو خیالات کو عوام تک پہنچانے کی ذمہ داری انجام دینگے۔ انہوں نے مزید کہاکہ ہمیں یقین ہے کہ مفتی اسامہ ادریس ندوی اپنے فرائض کو نہایت دیانتداری اور پوری محنت و لگن کے ساتھ انجام دینگے اور قومی صدر بیرسٹر اسد الدین اویسی کی قیادت میں انکی کامیابیوں کی تشہیر کرکے آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین کومزید مضبوط بنائینگے ۔ مفتی اسامہ ادریس ندوی نے کہاکہ پارٹی کی اعلیٰ قیادت نے انہیں جو ذمہ داری سونپی ہے اسکو وہ پوری ایمانداری ور دیانتداری کے ساتھ انجام دینگے، انہوں نے کہاکہ وہ پوری ریاست بالخصوص مغربی یوپی میں پارٹی کو مضبوط کرینگے اور مجلس کی پالیسیوں کو گھر گھر تک پہنچاکر تمام طبقات کو پارٹی سے جوڑنے کی کوشش کرینگے۔ انہوںنے کہاکہ وہ مجلس کے قومی صدر بیرسٹر اسد الدین اویسی اور صوبائی صدر شوکت علی کی قیادت میں آئندہ صوبہ میں ہونے والے پنچایتی انتخابات سے ہی بہتر کارکردگی کے لئے محنت کرینگے ۔ واضح رہے کہ مفتی اسامہ ادریس ندوی اس سے قبل مجلس کے مظفرنگر کے ضلع صدر اور صوبائی نائب صدر رہ چکے ہیں۔مفتی اسامہ ادریس ندوی کی نامزدگی پر کارکنان اور متعلقین نے خوشی کااظہار کرتے ہوئے انہیں مبارکباد پیش کی ہے۔