مدھوبنی: مدھوبنی میڈیکل کالج اینڈ اسپتال میں ایم بی بی ایس کی پڑھائی شروع ہوتے ہی اہالیان مدھوبنی سمیت تمام محبان تعلیم کا سینہ فخر سے چوڑا ہوگیا ہے۔ کالج کے بانی و منتظم ڈاکٹر فیاض احمد (رکن اسمبلی بسفی) کی اس بڑی حصولیابی سے جہاں ڈاکٹر بننے کی چاہت رکھنے والے سینکڑوں طلباء کی مرادیں پوری ہوئیں ہیں، وہیں کئی سطح پر محرومیوں کا شکار رہا مدھوبنی ضلع کا نام بھی روشن ہوا ہے۔ یقیناً مدھوبنی ضلع ملک بھر میں اپنی مضبوط موجودگی درج کرانے میں کامیاب ہوگا۔ محب تعلیم ڈاکٹر فیاض احمد کے اس دیرینہ خواب کے شرمندۂ تعبیر ہونے پر ہم انہیں دلی مبارک باد پیش کرتے ہوئے دعاء کرتے ہیں کہ خالق کائنات ان کی اس کوشش کو قبول فرمائے اور دن دونی رات چوگنی ترقیات سے نوازیں۔

مذکورہ باتیں آل انڈیا مسلم بیداری کارواں کے قومی صدر نظر عالم نے مدھوبنی دورہ پر میڈیا سے گفتگو کے دوران کہی۔ انہوں نے مزید کہا کہ مدھوبنی میڈیکل کالج 150طلباء کے چہل پہل سے گلزار رہنے لگا ہے۔ ڈاکٹر فیاض احمد نے اپنی فیاضی اور حسن انتظام کا ثبوت دیتے ہوئے وسیع و عریض رقبہ میں کثیر منزلہ خوبصورت عمارت، کشادہ احاطہ، جدید سہولیات سے آراستہ کلاس روم، آرام دہ اے سی ہاسٹل، ڈیجیٹل لائبریری اور جدید ترین تجربہ گاہ بنوایا ہے جوکہ ایم سی آئی کے معیار اور کسوٹی پر پوری طرح کھرے اترتے ہیں۔ تمام طبی سہولیات سے آراستہ 500 بیڈ والا سوپر اسپیسلٹی اسپتال کا بھی کوئی مقابلہ نہیں ہے۔ یہاں مامور ماہر اور تجربہ کار ڈاکٹر، نرسیز، ٹیکنیشین اور طبی عملہ مریضوں کا بھر پور خیال رکھ رہے ہیں اور سنگین سے سنگین مریض کو بھی اب باہر جانے کی ضرورت نہیں پڑتی ہے۔ مدھوبنی ہی نہیں پڑوس کے کئی اضلاع اور نیپال تک کے لوگ اپنا علاج کروانے یہاں پہنچ رہے ہیں اور مطمئن ہو کر جارہے ہیں۔ ٹریننگ کالج، اسکول، ڈگری کالج اور میڈیکل کالج قائم کرکے ڈاکٹر فیاض احمد نے جہاں اپنی دور اندیشی، فیاضی اور اعلیٰ دماغی کی مثال پیش کی ہے وہیں انہوں نے ہر خاص و عام کے دل میں اپنی جگہ بنالی ہے۔ تعلیم کے شعبہ میں ان کا یہ کارنامہ اب تاریخ کا حصہ بن چکا ہے۔

Leave a Reply