نئی دہلی: کانگریس پارٹی نے نوجوانوں کو موقع دینے کیلئے ٹیلنٹ ہنٹ نامی پروگرام شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ کانگریس پارٹی کے سینئر لیڈر بلال احمد نے بتایاکہ اس پروگرام کا باقاعدہ آغاز یوپی کے لکھنؤ سے ہوا جس میں بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔ انہوں نے بتایاکہ پہلے مرحلہ میں ایسے تمام نوجوانوں کو ٹریننگ دی جائے گی جو سیاست میں آنا تو چاہتے ہیں لیکن ان کو مواقع نہیں مل پارہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ آل انڈیا کانگریس کمیٹی اقلیتی شعبہ کے چیئرمین ندیم جاوید کی ہدایت پر اور دہلی پردیش اقلیتی شعبہ کے انچارج حنظلہ عثمانی کی سرپرستی میں مشرقی یوپی اقلیتی شعبہ کے چیئرمین ریحان خالد کی موجودگی میں اس پروگرام کا انعقاد اتر پردیش کی راجدھانی لکھنؤ میں کیاگیا جس میں بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔ انہوں نے بتایاکہ یوپی کی انچارج پرینکا گاندھی کی خواہش ہے کہ ایسے تمام لوگ جو سیاست میں آنا چاہتے ہیں لیکن انہیں مواقع نہیں مل پارہے ہیں ان کو موقع دیا جائے اور ان کو ٹریننگ دے کر آگے لایاجائے۔ انہوں نے بتایاکہ کانگریس جنرل سکریٹری پرینکاگاندھی نے فعال سیاست میں آنے کے بعد کانگریس پارٹی سے لوگوں کو جوڑنے کیلئے نئی نئی حکمت عملی وضع کی ہے اور ٹیلنٹ ہنٹ نامی پروگرام اسی حکمت عملی کا حصہ ہے کہ جن کے اندر ٹیلنٹ تو ہے لیکن وہ ٹیلنٹ ملک کے کام نہیں آرہا ہے۔ کانگریس پارٹی کی کوشش ہے کہ اس ٹیلنٹ کو نکھار کر اسے سماج کیلئے کارآمد بنایاجائے۔ بلال احمد نے بتایاکہ کانگریس پارٹی نے ہمیشہ سے غریبوں، پسماندہ لوگوں، دلتوں، سماج میں سب سے کمزور آدمی اور دے کچلے مظلوم لوگوں کو آگے لانے کی کوشش کی ہے اور ان لوگوں کی آواز کو تقویت دی ہے جن مظلوموں کی آواز لوگ بننے کے لئے تیار نہیں ہوتے ہیں۔

Leave a Reply