آل انڈیا ملی کونسل کی مرکزی مجلس عاملہ کا اجلاس آج سے وجے واڑا میں شروع، ملک بھر سے اہم نمائندوں کی شرکت




وجے واڑا: (ملت ٹائمز ) ملک کی معروف تنظیم آل انڈیا ملی کونسل کی مرکزی مجلس عاملہ کا سہ روزہ اجلاس سے آج سے بعد نماز مغرب ہندوستان کے قدیم اور تاریخی شہر وجے واڑا میں شروع ہوگیا ہے، اجلاس میں کونسل کے قومی صدر مولانا عبد اللہ مغیثی، جنرل سیکرٹری ڈاکٹر محمد منظور عالم، نائب قومی صدر مولانا یاسین علی عثمانی بدایونی، مولانا عبد العلیم بھٹکلی، مولانا انیس الرحمن قاسمی، مولانا مصطفی رفاعی جیلانی اسسٹنٹ جنرل سیکرٹری سمیت متعدد اہم شخصیات شرکت کررہی ہیں. آج بعد نماز مغرب آل انڈیا ملی کونسل کی مجلس عاملہ کا خصوصی اجلاس وجے واڑہ کے دی کے ہوٹل میں شروع ہوگیا ہے۔ کل 19اور 20 اکتوبر کو عاملہ کا عمومی اجلاس ہوگا، اس کے علاوہ اجلاس عام اور دیگر اہم نششتیں منعقد ہوں گی۔

آل انڈیا ملی کونسل کے ارباب حل وعقد ملک کے موجودہ حالات، قوم کو درپیش مسائل و چیلنجز اور دیگر اہم و حسّاس ایشوز پر غورو خوض کریں گے. مجلس عاملہ کے اجلاس کا افتتاح کرتے ہوئے کونسل کے جنرل سکریٹری ڈاکٹر محمد منظور عالم نے کہا کہ موجودہ حالات میں مسلمانوں کے درمیان خوف اور ڈر سمایا ہوا ہے. نوجوانوں میں مایوسی پھیلتی جارہی ہے جس پر خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے اور ارباب حل وعقد قوم کو خوف اور مایوسی سے کیسے نکال سکتے ہیں اس پر خصوصی طور پر لائحہ عمل طے کریں اور ترجیحی طور اس پہلو کو شامل رکھیں۔

کونسل کے صدر مولانا عبد اللہ مغیثی نے کہا کہ ایک ایسے وقت میں جب ملک شدید بحران سے دوچار ہے ہم یہ اجلاس منعقد کررہے ہیں، ہمیں امید ہے کہ یہاں سے ملک وملت کیلئے کوئی نمایاں اور بہتر فیصلہ ہوگا، انہوں نے کہا کہ ماضی میں آل انڈیا ملی کونسل نے نمایاں کارنامہ انجام دیا ہے اور ہمیشہ مشکل وقت میں قوم کی درست رہنمائی کا فریضہ انجام دیا ہے، انشا اللہ رواں اجلاس بھی تاریخی اور قوم و ملت کے حق میں مفید اور بامقصد ثابت ہوگا۔

Comments

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *