گوہاٹی (ملت ٹائمز)
آسام ضمنی انتخابات میں مولانا بدرالدین اجمل کی پارٹی آل انڈیا یونائٹیڈ ڈیموکریٹک فرنٹ نے جائینا سیٹ پر جیت حاصل کرلی ہے ۔ آسام میں ودھان سبھا کی چار سیٹوں پر 21 اکتوبر ضمنی الیکشن کیلئے ووٹ ڈالے گئے تھے جس میں مولانا بدرالدین اجمل کی پارٹی نے اے آئی یو ڈی ایف نے صرف ایک جائنہ کی سیٹ پر اپنا امیدوار اتارا تھا بقیہ تینوں سیٹوں پر کانگریس اور بی جے پی کے درمیان مقابلہ تھا۔
ملت ٹائمز اردو میں شائع ہونے والی تفصیلات کے مطابق جائنہ سیٹ پر اے آئی یو ڈی ایف کے امیدار ڈاکٹر حافظ رفیق الاسلام نے تقریبا 20 ہزار سے زائد ووٹوں سے کامیابی حاصل کی ہے۔ ان کے مقابلے میں کانگریس کے امیدوار شمس الحق تھے جنہیں صرف 32726 ووٹ ملے جبکہ ڈاکٹر رفیق الاسلام نے 54553 ووٹ حاصل کرکے جیت درج کی ۔ تیسرے نمبر پر یہاں بی جے پی امیدوار توفیق الرحمن تھے جنہیں 9143 ووٹ ملے ۔
آسام کی بقیہ تین سیٹیں رتباری ۔رنگاپار اور سوناری میں بی جے پی کو جیت ملی ہے ۔ خیال رہے کہ ان تینوں سیٹوں پر کانگریس اور بی جے پی کے درمیان مقابلہ تھا ۔ یو ڈی ایف نے اپنا امیدوار کھڑا نہیں کیاتھا ۔
ملت ٹائمز سے فون پربات کرتے ہوئے مولانا بدرالدین اجمل نے اپنے جیتنے والے امیدوار اور تمام کارکنا ن کا شکریہ ادا کیا ہے ۔
ڈاکٹر رفیق الاسلام دارالعلوم دیوبند کے فاضل ہیں ۔ انگریزی زبان وادب کی تعلیم انہوں نے مرکز المعارف ایجوکیشن اینڈ ریسرچ سینٹر سے حاصل کی تھی ۔ حالیہ دنوں میں وہ گوہاٹی یونیورسیٹی میں لیکچرر ہیں اور یو ڈی ایف کے ترجمان بھی ہیں ۔






