بی جے پی کو اس مرتبہ 36.49 فیصد ووٹ ملے، جبکہ کانگریس نے 28.08 فیصد ووٹ حاصل کیے۔ ایک سال سے بھی کم عرصہ کی جن نائیک جنتا پارٹی (جے جے پی) نے 10 اور آزاد امیدواروں نے سات سیٹوں پر کامیابی حاصل کی ہے
نئی دہلی(ایم این این )
ہریانہ میں اکثریت سے 14 سیٹیں کم حاصل کرنے کے باوجود کانگریس کو امید ہے کہ دشینت چوٹالہ کی جے جے پی اور بی جے پی سے باہر آنے والے بیشتر آزاد ارکان اسمبلی کی حمایت سے پارٹی حکومت سازی کرے گی۔ پارٹی رہنماو¿ں نے یہ اطلاع جمعہ کو دی۔ کانگریس کی سینئر رہنما امبیکا سونی نے کہا کہ پارٹی ریاست میں حکومت بنانے کی کوشش کرے گی۔ وہ یہاں کانگریس صدر سونیا گاندھی کی رہائش گاہ پر میڈیا سے گفتگو کررہی تھیں۔
سونی یہاں شہریت ترمیمی بل، علاقائی جامع معاشی شراکت داری (آر سی ای پی) اور پارٹی کے سینئر رہنماو¿ں کے ساتھ پارلیمنٹ کے اہم سرمائی اجلاس جیسے اہم امور پر کانگریس کے موقف پر تبادلہ خیال کرنے کے لیے آئی تھیں۔
دریں اثنا، سابق وزیر اعظم منموہن سنگھ، پارٹی کے سابق سربراہ راہل گاندھی، کے سی وینوگوپال، راجیو ساتو، رندیپ سنگھ سرجے والا، جے رام رمیش، اے کے اینٹونی، سشمیتا دیو ، غلام نبی آزاد ، ادھیر رنجن چودھری، احمد پٹیل ، ملیکارجن کھڑگے ، آنند شرما ، جیوتیرادتیہ سندھیا اور محسنہ قدوائی بھی موجود تھے۔لوک سبھا میں پارٹی رہنما چودھری نے ہریانہ میں پارٹی کی کارکردگی کی تعریف کی اور اسے حوصلہ افزا قرار دیا۔ مہاراشٹر اسکریننگ کمیٹی (ایم ایس سی) کے سربراہ سندھیا نے ہریانہ اور مہاراشٹر میں انتخابی نتائج کو بہتر قرار دیا اور اسمبلی انتخابات میں سخت محنت کرنے والے پارٹی کارکنوں کو مبارکباد پیش کی۔
بی جے پی ہریانہ میں 40 نشستیں جیت کر سب سے بڑی پارٹی بن کر ابھری ہے لیکن حکومت بنانے کے لئے اسے اکثریت کے لئے مزید چھ سیٹیں درکار ہیں۔ دوسری طرف، کانگریس نے اس بار گذشتہ اسمبلی انتخابات کے مقابلہ میں 31 نشستیں جیت کر عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ اس نے پچھلے اسمبلی انتخابات میں 15 نشستوں پر کامیابی حاصل کی تھی۔ بی جے پی کو اس مرتبہ 36.49 فیصد ووٹ ملے، جبکہ کانگریس نے 28.08 فیصد ووٹ حاصل کیے۔ ایک سال سے بھی کم عرصہ کی جن نائیک جنتا پارٹی (جے جے پی) نے 10 اور آزاد امیدواروں نے سات سیٹوں پر کامیابی حاصل کی ہے۔






