جے پور ،28اکتوبر( آئی این ایس انڈیا )
راجستھان کے وزیر اعلی اشوک گہلوت نے بھیڑ تشدد کے بڑھتے واقعات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس سے پورا ملک پریشان ہے اور ایسے واقعات نہیں ہونا چاہئے۔ بی جے پی لیڈروں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ حکومت بھی اس کو روکے اور بی جے پی کے لیڈروں کو بھی اس طرح کا پیغام دینا چاہئے۔ جے پور کے ہہنگونیا گﺅشالا میں منعقد تقریب میں حصہ لینے کے بعد نامہ نگاروں سے بات چیت میں گہلوت نے کہاکہ ہجومی تشدد کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے ان سے پورا ملک پریشان ہے ایسے واقعات نہیں ہونا چاہئے۔ گائے ہماری ماں ہے، ہماری ثقافت میں تہذیب ہے ہر ہندو اس کو ماں سمجھتا ہے۔ اس کا احترام کرنا سب کا مذہب ہے لیکن غیر ضروری طور پر ہم کسی پر شک کرکےکسی انسان کی جان لے لیں یہ کوئی بھی مذہب قبول نہیں کرتا اور نہ ہی کوئی مذہب یہ سکھاتا ہے۔ آج ملک میں خوف، تشدد اور بد اعتمادی کا ماحول ہے۔ اس طرح کے واقعات ہو رہے ہیںجو رکنا چاہئے۔گہلوت نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے ایک پیغام دیا تھا پھر وہ چپ ہو گئے اگر بی جے پی، آر ایس ایس اور وشو ہندو پریشد کا پیغام واضح ہو تو جو لوگ سڑکوں پر آکر ہجومی تشدد کرتے ہیں ان پر لگام لگ پائے گی اور بھیڑ تشدد رک جائے گی جو بہت ضروری ہے۔ وزیر اعظم مودی نے ان لوگو کو سماج دشمن عناصر کہا تھا جو گائے کے نام پر کسی کی جان لیتے ہیں۔ میں چاہتا ہوں کہ یہ احساس مکمل طور نیچے تک پہنچے۔ اگر ایسا ہوتا ہے تو خود بخود ہجومی تشدد رک جائے گا جسے روکنا بہت ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہنگونیا گوشالا میں گﺅ رچھا کی سمت میں تاریخی کام کیا ہے اس کوتوسیع دینے کا کام ہاتھ میں لیا ہے، میرا خیال ہے کہ گﺅ رچاہو لیکن جعلی گﺅ بھکت بن کر کوئی کسی کو قتل کر دے یہ اس حکومت میں کسی بھی قیمت پر منظور نہیں ہو گا۔






