بابری مسجد پر سپریم کورٹ کے فیصلہ کو ہار – جیت کے نظریہ سے نہ دیکھا جائے: وزیر اعظم مودی




سنیچر کو صبح 10.30 بجے سپریم کورٹ کی جانب سے بابری مسجد معاملہ میں فیصلہ سنائے جانے سے قبل وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ کا جوبھی فیصلہ ہوگا وہ کسی کی ہار یا جیت نہیں ہوگا۔

اپنے ٹوٹ میں وزیر اعظم مودی نے کہا، ایودھیا پر سپریم کورٹ کا جو بھی فیصلہ آئے گا وہ کسی کی فتح یا شکست نہیں ہوگا۔ ملک کے باشندگان سے میری اپیل ہے کہ ہم سب کی ترجیح یہ ہونی چاہئے کہ یہ فیصلہ ہندوستان کی امن، اتحاد اور خیر سگالی کی عظیم روایت کو مزید تقویت بخشے۔‘‘

وزیر اعظم نریندر مودی نے اپنے ایک اور ٹوئٹ میں تمام طبقات کی جانب سے امن و امان برقرار رکھنے کے لئے کی جانے والی کوششوں کی ستائش کی۔

انہوں نے ٹوئٹ کیا، ’’ ایودھیا پر کل سپریم کورٹ کا فیصلہ آ رہا ہے۔ پچھلے کچھ مہینوں سے اس معاملے کی سپریم کورٹ میں مستقل سماعت کی جارہی تھی، پورا ملک بے تابی سے دیکھ رہا تھا۔ اس عرصے کے دوران سماج کے تمام طبقات کی جانب سے امن و امان برقرار رکھنے کے لئے کی جانے والی کوششیں قابل تحسین ہیں۔‘‘

ادھر، اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے بھی کہا ہے کہ ممکنہ فیصلہ کے بعد امن و امان برقرار رکھا جائے۔ انہوں نے ٹوئٹ کیا، ’’ عزت مآب عدالت عظمی کی جانب سے ایودھیا معاملہ کے سلسلے میں سنائے جانے والے ممکنہ فیصلے کے پیش نظر ریاست کے باشندگان سے اپیل ہے کہ آنے والے فیصلے کو جیت یا ہار سے منسلک کرکے نہ دیکھیں۔‘‘ انہوں نے مزید کہا، ’’ریاست میں پرامن اور پُرسکون ماحول کو برقرار رکھنا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔‘‘

Comments

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *