ایودھیا پر فیصلہ آ چکا اب ملک کی تعمیر کا کام کریں، وزیر اعظم کا قوم کے نام خطاب




بابری مسجد – رام جنم بھومی تنازعہ پر سپریم کورٹ کا فیصلہ آنے کے بعد وزیر اعظم نریندر مودی نے قوم سے خطاب کیا۔ پی ایم مودی نے فیصلہ کے دن کو تاریخی قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس فیصلہ سے ملک کی قدیمی روایت کو تقویت ملی ہے۔

وزیر اعظم مودی نے کہا ’’عدالت نے جس ایودھیا معاملہ پر فیصلہ دیا ہے، اس کی سیکڑوں سال کی تاریخ ہے۔ یہ پورے ملک کی خواہش تھی کہ عدالت میں ہر روز اس معاملے کی سماعت کی جائے اور آج اس معاملہ پر فیصلہ آ گیا۔ عشروں سے انصاف کا عمل جاری تھا اور وہ عمل اب ختم ہوا۔ پوری دنیا کا ماننا ہے کہ ہندوستان دنیا کا سب سے بڑا جمہوری ملک ہے۔ اس فیصلے کے بعد جس طرح ہر طبقے کے لوگوں نے کھلے دل سے اسے قبول کیا ہے اس سے ہندوستان کی روایت ظاہر ہوتی ہے۔‘‘

وزیر اعظم مودی نے کہا کہ ایودھیا کیس سے متعلق سماعت کے دوران سپریم کورٹ نے سب کے دلائل کو سنا۔ یہ ملک کے لئے خوشی کی بات ہے کہ فیصلہ متفقہ طور پر آیا ہے۔ اگر فیملی میں کسی چھوٹے مسئلے کو بھی حل کرنا ہوتا ہے تو بھی دشواری آتی ہے یہ تو پھر ایک بڑا مسئلہ ہے۔ آج 9 نومبر ہے۔ یہ وہی تاریخ ہے جب برلن کی دیوار گری تھی۔ مخالف دو دھاروں نے متحد ہو کر ایک نئی قرارداد پاس کی اور آج ہی 9 نومبر کو کرتار پور راہداری کی شروعات ہو گئی۔ اس میں ہندوستان اور پاکستان دونوں نے اپنا تعاون کیا ہے۔ یہ تاریخ ہمیں ایک ساتھ مل کر آگے بڑھنے کا پیغام دے رہی ہے۔

انہوں نے اپنے خطاب کے دوران کہا کہ ’’طویل مدت سے زیر التوا رہے اس معاملہ کا کئی نسلوں پر اثر پڑا ہے لیکن اب ہمیں یہ عہد کرنا ہوگا کہ اب نئی نسل نئے سرے سے نیو انڈیا کی تعمیر میں مصروف ہوگی۔‘‘

Comments

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *