سینٹرل ریلوے نے بھوپال میں عالمی تبلیغی اجتماع کی وجہ سے مسافروں کی تعداد میں اضافہ کے پیش نظر سولا پور اور بھوپال کے درمیان 2 خصوصی ٹرینیں چلانے کا فیصلہ کیا ہے
بھوپال ؍ ممبئی: سینٹرل ریلوے نے بھوپال میں عالمی تبلیغی اجتماع کی وجہ سے مسافروں کی تعداد میں اضافہ کے پیش نظر سولا پور اور بھوپال کے درمیان 2 خصوصی ٹرینیں چلانے کا فیصلہ کیا ہے۔ واضح رہے کہ بھوپال میں عالمی تبلیغی اجتماع 22 نومبر سے شروع ہونے جا رہا ہے اور اس کا اختتام 25 نومبر کو ہوگا۔ گھاسی پورہ اینٹ کھیڑی میں منعقد ہونے جا رہے اس 72ویں تبلیغی اجتماع کی تمام تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔
سولاپور سے دو خصوصی ٹرینیں
محکمہ ریلوے کی تفصیل کے مطابق 01331 خصوصی ٹرین 22 نومبر جمعہ کو 07.00 بجے سولاپور سے روانہ ہوگی اور دوسرے دن 10.05 بجے بھوپال پہنچے گی۔ جبکہ 01332 خصوصی ٹرین پیر 25 کو رات23.30 بجے بھوپال سے روانہ ہوگی اور تیسرے دن یعنی بدھ کے روز 00.20 بجے سولا پور پہنچے گی۔ ٹرین کلبرگی (گلبرگہ)، شاہ آباد، واڑی، وقار آباد، سکندرآباد، قاضی پیٹھ، رام گنڈم، سرپور کگاز نگر، بلہارشاہ، ناگپور اور اٹارسی ہوتے ہوئے بھوپال پہنچے گی، اس میں مجموعی طور پر 10 سلیپر کلاس اور 8 جنرل سیکنڈ کلاس ڈبے ہوں گے۔
ریزرویشن کے لیے خصوصی 01331 خصوصی ٹرین کی بکنگ تمام پی آر ایس مقامات اور www.irctc.co.in پر انٹرنیٹ کے ذریعے کھلے گی۔ اس ٹرین میں جنرل سیکنڈ کلاس کوچز غیر محفوظ کوچز کے طور پر ہوں گے اور سپرفاسٹ میل/ ایکسپریس ٹرینوں کے لئے قابل اطلاق کرائے کے مطابق یو ٹی ایس کے ذریعے ٹکٹ بک کیے جاسکتے ہیں۔
جماعتوں کی آمد کا سلسلہ شروع
عالمی تبلیغی اجتماع میں شرکت کے لئے بھوپال میں غیر ملکی جماعتوں کی آمد کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔ اس اجتماع میں 10 لاکھ سے زیادہ فرزندان توحید کے پہنچنے کی توقع ہے۔ اجتماع کے دوران تقریباً 500 نکاح بھی پڑھوائے جائیں گے۔
اجتماع میں شرکت کے لئے آنے والے عقیدت مندگان کی گاڑیوں کی پارکنگ کے لئے 250 ایکڑ اراضی پر پارکنگ کا انتظام کیا گیا ہے۔ تقریباً 50 پارکنگ زون میں اس انتظام کے دوران چھوٹی اور بڑی گاڑیاں مختلف مقامات پر کھڑی کی جائیں گی۔ واپسی کے لئے انتظامیہ کی جانب سے 400 بسوں کا انتظام کیا گیا ہے۔ پیر کے روز دعا کے بعد ان بسوں کی روانگی کے لئے کھڑے ہونے کے لئے علیحدہ سے انتظامات کیے گئے ہیں۔
حفاظت کے پختہ انتظامات
پولس ذرائع کے مطابق پروگرام میں سکیورٹی کے پیش نظر اجتماع گاہ اور شہر کے مختلف مقامات، بس اسٹینڈ اور ریلوے اسٹیشن وغیرہ پر ناکہ بندی اور بیریکیڈنگ کرکے مشتبہ افراد اور خصوصی طور پر سنجیدگی سے باہری گاڑیوں کی چیکنگ کی جارہی ہے۔ ساتھ ہی ہوٹل، لاج، دھرمشالہ اور رَین بسیرا وغیرہ کی بھی چیکنگ کی جارہی ہے۔
اجتماع کے دوران سیکورٹی انتظام کو چار حصوں میں تقسیم کیا گیا ہے جس میں اے۔باہری انتظام، بی۔داخلی انتظام، سی۔پٹرولنگ پارٹی اور ڈی دیگر انتظام۔ سیکورٹی انتظام اور تعاون کے نقطہ نظر سے 22 اہم مقامات پر مستقل طور پر پولس تعاون مراکز بنائے گئے ہیں۔
اس کے تحت بم ڈِسپوزل اور ڈاگ اسکوائڈ ٹیم کی جانب سے اجتماع گاہ اور اس کے آس پاس، پارکنگ کی جگہ، بس اسٹینڈ، ریلوے اسٹیشن وغیرہ بے حد حساس مقامات پر سنجیدگی سے چیکنگ ہو رہی ہے جس میں شہر سے باہر آنے والی بسیں، مسافروں کے بیگ اور سامان وغیرہ کو چیک کیا جارہا ہے۔ سیکورٹی کے انتظام میں ضلع فورس، ایس اے ایف، ایس ٹی ایف سمیت تقریباً چار ہزار افسران اور اہلکار 24 گھنٹے تعینات رہیں گے۔
ٹاوروں سے بھی پولس اہلکار کی جانب سے سیکورٹی انتظام کی غرض سے نگرانی کی جائےگی، اجتماع پر بنائے گئے مستقل کنٹرول روم سے پورے اجتماع گاہ کے علاقے میں نصب شدہ 200 سی سی ٹی وی کیمروں سے نگرانی رکھی جارہی ہے۔ ساتھ ہی ڈرون کیمرے سے باہری علاقے میں مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے۔

Leave a Reply