یوم دستور کے موقع پر ملک بھر میں آل انڈیا ملی کونسل کی جانب سے تقریبات کا انعقاد

نئی دہلی (پریس ریلیز)
ملک کی معروف تنظیم آل انڈیا ملی کونسل نے 26نومبر کو ہندوستان کے مختلف حصوں میں یوم دستور کے موقع پر تقریبات کا انعقاد کیا اور علاقے کے ڈی ایم کو ایک میمورنڈم بھی سونپا میں جس میں دستور کے تحفظ کو یقینی بنانے کا مطالبہ کیا ۔
قومی راجدھانی دہلی ،پٹنہ ، بنگلور ، بھٹکل ، دربھنگہ ، لکھنو ، گلبرگہ، سہارنپور ، کرنول ، بروسی ، وجے واڑا، کولکاتا سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں صوبائی اور ضلعی سطح پر ذمہ داروں نے یوم دستور کی مناسبت سے تقریبات کا انعقاد کرکے عوام کے درمیان آئین کے تئیں بیداری لانے کا عزم کیا اور آئین کی اہمیت ،اس کی عظمت سے آگاہ کیا ۔ مجموعی طور پر تمام پروگراموں میں ملی کونسل کے ذمہ داروں نے کہاکہ ہندوستان کی سب سے بڑی طاقت آئین اور دستور ہے ۔ ملک ،عوام اور اقلیتوں کے حقوق اسی وقت محفوظ رہیں گے جب ہمارا آئین محفوظ رہے گا کیوں کہ ہندوستان کا آئین بہت جامع طاقتور اور تمام طبقات کے حقوق کی حفاظت پر مشتمل ہے ۔ آئین ہمیں اظہار رائے ، مذہبی اعمال اور دیگر سبھی طرح کے اختیار ات کی اجازت دیتاہے ۔ہندوستان کا آئین سیکولراور جمہوری اقدار پر مبنی ہے ۔ ہر کسی کو آزادی ،انصاف ،مساوات اور تحفظ کی ضمانت دی گئی ہے ۔ ملی کونسل کے ذمہ داروں نے ملک بھر میں ہوئے پروگرام کے دوران اس خدشے کا اظہار کیا کہ موجودہ حکومت آئین کی دھجیاں اڑارہی ہے ، آئینی اداروں کی خو مختاری سلب کر لی گئی ہے ۔ ملک کو ہندو راشٹر بنانے کے منصوبہ عمل کرنے کی کوشش جاری ہے ۔ یکے بعد دیگر ایسے اقدامات کئے جارہے ہیں جس سے یقینی ہوگیا ہے کہ ہندوستان کی موجودہ حکومت آئین کو بدلنا چاہتی ہے اور اس کی جمہوریت اور سیکولرزم کو ختم کرنا چاہتی ہے ۔
ملی کونسل کے ذمہ داروں نے کہاکہ آئین کا تحفظ اور اس پر عمل ملک کی ترقی اور سلامتی کیلئے ضروری ہے ۔ آئین کی حفاظت کیلئے ہم نے پہلے بھی تحریک چلائی ہے اور ضرورت پڑی تو ایک مرتبہ پھر ملک گیر تحریک چلائیں گے کیوں کہ آئین ملک کے کمزوروں ،مظلوموں ، غریبوں ،آدی واسیوں ، مسلمانوں ،دلتوں اور اقلیتوں کی سب سے بڑی طاقت ہے اور اس طاقت کی برقرار رکھنے اور اس کی حفاظت کیلئے ہم سب ہر طرح کی قربانی دینے کیلئے تیار ہیں ۔

SHARE