شیو سینا کا ہندوتوا وادی ہونے کا دعویٰ ختم، ’سیکولر اقدار‘ بر قرار رکھنے کا عہد

تینوں سیاسی جماعیتیں مل کر آئین میں درج سیکولر اقدار کو برقرار رکھنے کا عہد کرتی ہیں نیز ملک و ریاست میں سیکولر ایزام کے تحفظ کے لئے تینوں پارٹیاں مل کر مشترکہ نظر یہ اپنائے گی۔
ممبئی(یو این آئی )
گذشتہ تیس برسوں سے ہندتواوادی اور خالص ہندو نظریات کی حامل رہنے والی سیاسی جماعت شیو سینا نے جمعرات کے روز اپنی ہمنوا سیاسی جماعتوں کانگریس اور این سی پی کے ہمراہ ملک و ریاست کی سیکولر اقدار کو برقرار رکھنے کا عہد کیا۔ یہ اعلان تینوں پارٹیوں کے اہم لیڈران نے کم از کم مشترکہ پروگرام (کامن منیمم پروگرام ) یعنی سی ایم پی کے اجراء کے موقع پر کیا۔
واضح رہے کہ مہراشٹر میں تینوں سیاسی پارٹیوں نے مل کر مہاراشٹر وکاس آگاڑی نامی سیاسی محاذ کو تشکیل دیاہے اور حکومت سازی کے لئے کم از کم مشترکہ پروگرام تیار کیا ہے۔آج اسکا اعلان ایک پریس کانفرنس کے دوران کیا گیا۔
پریس کانفرنس سے سینا لیڈر ایکناتھ شنڈے ،این سی پی لیڈر جین پاٹل ،نواب ملک اور کانگریس لیڈر بالا صاحب تھوڑات نے خطاب کیا۔ سی ایم پی کے مطابق تینوں سیاسی جماعیتیں مل کر آئین میں درج سیکولر اقدار کو برقرار رکھنے کا عہد کرتی ہیں نیز ملک و ریاست میں سیکولر ایزام کے تحفظ کے لئے تینوں پارٹیاں مل کر مشترکہ نظر یہ اپنائے گی۔
سی ایم پی کے مطابق کسان کے مسائل ،بے روزگاری کا خاتمہ ،شہری اور دیہی علاقوں میں سڑکوں کی تعمیر ،ہاوسنگ کا مسئلہ ،خواتین کا مسائل ،شوشل جسٹس ،صحت اور دیگر شعبوں میں عوام کی فلاح و بہبود کے لئے اقدامات کئے جائیں گے۔تینوں پارٹیوں کے مشترکہ پروگرام کے تحت اب جھگی جھونپڑیوں میں رہایش پذیر افراد کو تین سو اسکوائیر فٹ کےمکانات کے بجائے پانچ سو اسکوائیر فٹ کے مکان مفت دستیاب کرائے جائیں گے۔
عام شہریوں کو اب دس روپئے میں کھانا بھی دستیاب ہوگا۔اس کے علاوہ ایک روپئے میں خون کے نمونے کی تشخیص کی جائے گی اورضلعی سطح پر یہ اسکیم سلسلہ وار نافذ کی جائے گی ساتھ ہی ساتھ مہاراشٹر کے عوام کو صحت کےانشورنس بھی دستیاب کرایا جائے گا۔
سی ایم پی کےتحت مہاراشٹر کےاصل باشندوں کی80 فی صد تعداد کو روزگار مہیا کرانے کے لئے ایک قانون بنایا جائے گا اور بے روزگاری کے خاتمے کے لئے جنگی پیمانے پر اقدامات کئے جائیں گے۔ مشترکہ پروگرام میں مختلف محکموں کا ذکر کیا گیا ہے اور ان کی فلاح و بہبود کے لئے بہتر اقدامات کئے جائیں گے۔