امریکہ کے ٹیکساس میں عالمی نعتیہ مشاعرہ کا انعقاد ۔ ڈاکٹر شمسہ قریشی اور ڈاکٹر نور امروہوی ہر سال کرتے ہیں یہ تقریب

ڈاکٹر نور امروہوی نے بتایاکہ اس محفل کے انعقاد سے ہماری یہ دیرینہ روایت بھی جڑ ی ہوئی ہے کہ یہاں سے شیعہ سنی اتحاد کا پیغام جاتاہے اور اسی اتحاد کے مشن سے یہ تقریب وابستہ ہے
ٹیکساس( ملت ٹائمز)
امریکی ریاست ٹیکساس کے شہر ڈیلیس کی مذہبی ثقافتی وادبی تنظیم النور انٹر نیشنل کے زیر اہتمام سولہویں عالمی نعتیہ مشاعرے کا انعقاد کیاگیا ،اس روحانی محفل کا انعقاد امریکہ کی مشہور ومعروف شخصیت ڈاکٹر شمسہ قریشی اور ڈاکٹر نور امروہوی کی جانب سے ہرسال بڑے پیمانے پر انتہائی اہتمام کے ساتھ کیاجاتاہے ۔معروف شاعر ہ وادیبہ ڈاکٹر شمسہ قریشی صاحبہ نے بتایاکہ اس مشاعرہ کا مقصد جشن ولادت رسول اکرم تو مناناہے ہی ساتھ ہی ہماری یہ بھی کوشش ہوتی ہے کہ نئی نسل کو تعلیم محمدی اور اسوہ رسول سے روشناس کرایا جائے ،اسی لئے ہم اپنے پروگرام میں بچوں کو اسٹیج فراہم کرتے ہیںاور بچے نوجوان سبھی بڑھ چڑھ کرذوق در ذوق اس پروگرام میں حصہ لیتے ہیں ۔
ڈاکٹر نور امروہوی نے بتایاکہ اس محفل کے انعقاد سے ہماری یہ دیرینہ روایت بھی جڑ ی ہوئی ہے کہ یہاں سے شیعہ سنی اتحاد کا پیغام جاتاہے اور اسی اتحاد کے مشن سے یہ تقریب وابستہ ہے۔اس کا اندازہ اس بات سے بھی لگایا جاسکتاہے کہ اس مشاعرہ کی صدارت معروف عالم دین علامہ سید ارتضی حسین نقوی فرمارہے ہیں جبکہ مہمان خصوصی کی حیثیت سے مشہور اسلامی اسکالر امام محمد اصیل خان صاحب شریک ہورہے ہیں۔
مشاعرہ میں شریک سامعین کا کہناتھاکہ ڈاکٹر شمسہ قریشی اور ڈاکٹر نور امروہوی کا کردار کمیونٹی کیلئے انتہائی قابل تعریف اور لائق تقلید ہے ،یہ دونوں شخصیات بڑے خلوص اور نیک نیتی کے ساتھ پرکشش، خوبصورت اور معیای پروگرام ترتیب دیتے ہیں اورسامعین وسامعات اس سے خوب استفادہ کرتے ہیں ۔ٹیکساس کے اس مشاعرہ میں ہر فرقہ اور مسلک کے ماننے والے شریک ہوتے ہیں اور دونوں کو اپنی دعاﺅں سے نوازتے ہیں ۔
اس روح پرو ر اجتماع میں یونس اعجاز ، سعید قریشی ، مسعود قاضی ، ڈاکٹر عامر سلیمان، ناہید شاد ، زہرہ چشتی ، اعجا ز شیخ ، آصف ناتھانی ، سید نسیم الحسن زیدی ، شاہ عالم صدیقی کے علاوہ بیرونی شعراءکرام نے بھی شرکت اور اپنا خوبصورت کلام پیش کیا ۔