نئی دہلی: (ملت ٹائمز) آل انڈیا مسلم لا پرسنل بورڈ نے بھی آج بابری مسجد فیصلہ کے خلاف سپریم کورٹ میں ریویو پٹیشن داخل کردیاہے ۔ ملت ٹائمز کو بورڈ کے طرف سے ایک پریس ریلیز بھیج کر بتایا گیا ہے کہ بورڈ کی کو شش سے آج بابری مسجد کیس کے 5 فریقو ن نے سپریم کورٹ میں نظرثانی (Review Petition) کی درخواست داخل کردی ہے۔ یہ درخواستیں اس کیس کے فریق مصباح الدین اور مولانا محفوظ الرحمٰن کی طرف سے ایڈوکیٹ آن ریکارڈ جناب شکیل احمد سید نے، محمد عمر کی طرف سے ایڈوکیٹ آن ریکارڈ ارشاد احمد نے اور مفتی حسب اللہ کی طرف سے ایڈوکیٹ آن ریکارڈ ایم آر شمشاد اور ایڈوکیٹ آن ریکارڈ فضیل احمد ایوبی نے داخل کیں۔ ان ریویو پٹیشنز کو سینئر ایڈوکیٹ ڈاکٹر راجیو دھون اور مسلم پرسنل لا بورڈ کے سیکریٹری و سینئر ایڈوکیٹ جناب ظفریاب جیلانی نے فائنل کیا اور ایڈوکیٹ آن ریکارڈز نے اسے سپریم کورٹ میں داخل کیا۔ بورڈ کے جنرل سیکریٹری مولانا محمد ولی رحمانی صاحب نے نظرثانی کی ان درخواستوں کے وقت مقررہ کے اندر داخل ہونے پر اللہ کا شکر ادا کیا اوراطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے محترم ڈاکٹر راجیون دھون و دیگر سینئر وکلاءاور ایڈوکیٹ آن ریکارڈز کا شکریہ بھی ادا کیا کہ انہوں بڑی محنت و جانفشانی سے نظر ثانی کی ان درخواستوں کو تیار کیا۔ مولانا نے توقع ظاہر کی کہ عدالت عظمی ان درخواستوں کو قبول کرکے ان میں موجود اہم نکات پر از سرِنو بحث کا آغاز کرے گی۔ نظرثانی کے گراونڈز اور سناپسس منسلک ہے۔