حضرت مولانا محمد علی مونگیریؒ پر عالمی سمینار کل، متعدد اہم دانش گاہوں اور اداروں کی شخصیات کی شرکت  






  مونگیر: (ملت ٹائمز) رحمانی فاؤنڈیشن کے زہراہتمام حضرت مولانا محمد علی مونگیریؒ کی حیات و خدمات پر عالمی سمینار کا انعقاد کل تحریکی شہر مونگیر میں ہونے جارہاہے جس میں دارالعلوم دیوبند، ندوۃ العلماء، مظاہر علوم سہارن پور، جامعہ ملیہ اسلامیہ، علی گڑھ مسلم یونیورسٹی، جواہر لال نہرو یونی ورسیٹی، امارت شرعیہ سمیت اہم درسگاہوں اور اداروں کے اہل علم، اصحاب قلم، دانش وران اور اسکالرز کی بڑی تعداد شرکت کررہی ہے، اس تاریخی سمینار کی پوری تیاریاں ہوچکی ہیں، سمینار میں حضرت مونگیریؒ کی مختلف اہم خدمات اور تحریکات کے متنوع پہلؤوں مثلا ندوۃ العلماء، جامعہ رحمانی، امارت شرعیہ، ردقادیانیت، رد عیسائیت، فقہی بصیرت اور تحریکی زندگی پر روشنی ڈالی جائے گی، پروگرام کے کنوینر مولانا ظفر عبدالرؤف رحمانی نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہاہے کہ بانی ندوۃ العلماء پر یہ سمینار انفرادی اور تاریخی نوعیت کا ہوگا جس کو کامیاب بنانے کی ہرممکن کوشش کی جارہی ہے، دراصل اس خانوادے کی خمیر ہی تحریکات رہی ہیں، ادارہ سازی اور شخصیت سازی اس خانوادے کی خصوصیات ہیں، ندوۃ العلماء، خانقاہ رحمانی اور جامعہ رحمانی کا قیام جہاں حضرت مونگیریؒ کی خدمات کا حسین باب ہے وہیں ان کے فرزند ارجمند امیر شریعت رابعؒ نے امارت شرعیہ کے پلیٹ فارم سے ملت کی کامیاب قیادت کی، مسلم پرسنل لاء بورڈ جیسی عظیم تنظیم دی، ان ہی نقوش پر چلتے ہوئے ان کے فرزند جلیل مفکر اسلام امیر شریعت مولانا محمد ولی رحمانی مدظلہ نے رحمانی تھرٹی، رحمانی فاؤنڈیشن کا قیام کیا اور مسلم پرسنل لاء بورڈ اور امارت شرعیہ کے پلیٹ فارموں سے تحریکی خدمات انجام دے رہے ہیں، انھوں نے بتایا کہ رحمانی فاؤنڈیشن تعلیمی اور رفاہی کاموں کے ساتھ ساتھ ادبی سرگرمیوں کو بھی جاری رکھتا ہے چنانچہ اس کے تحت مشاعروں، ادبی نشست کے علاوہ جنگ آزادی 1857 سے پہلے، شیرشاہ سوری اور پروفیسر لطف الرحمن پر سمینار کا انعقاد کیا جاچکا ہے، حضرت مونگیریؒ پر یہ سمینار اسی کی کڑی ہے۔

انھوں نے مزید کہاکہ قطب عالم حضرت مولانا محمد علی مونگیریؒ کی شخصیت عہد ساز شخصیت ہے، جس نے ہندوستان کے مسلمانوں کے ساتھ پوری دنیا کو تعلیمی، تربیتی اور دنیاوی علوم کا نیا طرزِ فکر دیا، رحمانی فاؤنڈیشن نے اسی شخصیت پر یہ عالمی سمینار منعقد کیا ہے، تاکہ ہندوستان کے مسلمان حضرت مونگیریؒ کی اس فکر کو پاسکیں، اور علماء اور اہل علم کی جماعت متحد ہوکر اس مشن کو پورا کریں۔

Comments

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *