بنگلور؍نئی دہلی: (پریس ریلیز) اوقاف کی حفاظت سب سے اہم فریضہ ہے ، اوقاف کی جائیداد اللہ تبارک وتعالی کی جائداد ہے جس پر ناجائز قبضہ کے خلاف تحریک چلانا اور اسے حاصل کرنا ہر ایک کی فکر مندی کا موضوع ہونا چاہیئے ۔ مسلمانوں کو یہ نہیں سمجھنا چاہیئے کہ صر ف پانچ وقت کی نماز ادا کرلینے سے فریضہ کی ادائیگی ہوجاتی ہے ۔ ان خیالات کا اظہار بنگلور میں تحفظ اوقاف پر منعقد ہونے والے ایک قومی سمینار میں سابق مرکزی وزیر کے رحمن خان نے کیا ۔ انہوں نے مزیدکہاکہ ہندوستان کے مسلمان جذباتی ایشوزپر بیدار ہوجاتے ہیں لیکن حقیقی مسائل پر توجہ نہیں دیتے ہیں ۔ بابری مسجد کی طرح لاکھوں مساجد ،اوقاف کی اراضی اور جائیداد پر لوگ ناجائز قبضہ کررہے ہیں جس کو آزاد کرانے کی تحریک چلانے کی ضرورت ہے اورہم عوام سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ اس تحریک سے جڑیں ۔
انسٹی ٹیوٹ آف آبجیکٹیو اسٹڈیز کے چیرمین ڈاکٹر محمد منظور عالم نے کہاکہ اوقاف کے تحفظ اور اس کی بقاءپر آئی او ایس کے زیر اہتمام اب تک 14 نیشنل انٹرنیشنل سمینار منعقد ہوچکاہے ،دسیوں کتابیں شائع ہوئی ہے اور اب اس موضوع پر ہم مزید کام کرنے جارہے ہیں ۔آئی او ایس اور انڈین اوقاف فاﺅنڈیشن مشترکہ طور پر اوقاف کے تحفظ کیلئے پورے ملک میں بیداری مہم چلائے گا اور اسے عوامی مسئلہ بنائے گا ۔ڈاکٹر محمد منظور عالم نے یہ بھی کہاکہ مسلمانوں میں جذبات پر قابورکھنے اور جذبہ پیدا کرنے کی ضرروت ہے ۔ جذباتیت سے قوم تباہ ہوتی ہے اور جذبہ سے قوم کی ترقی ہوتی ہے ۔
بنگلور کے دیوراج عرس بھون آڈیٹوریم میں انسٹی ٹیوٹ آف آبجیکٹو اسٹڈیز اور انڈین اوقاف فاﺅنڈیشن کے زیر اہتمام اوقاف کا تحفظ ،فروغ اور ترقی کے عنوان پر یک روزہ قوسمی سمینار کا آج انعقاد ہوا ۔ کرناٹک ہائی کورٹ کے سابق جسٹس ڈاکٹر جاوید رحیم نے سمینار کا افتتاح کرتے ہوئے کہاکہ ایک مسلمان کیلئے جہاں نماز کی ادائیگی فرض ہے وہیں اس کیلئے اوقاف کے تحفظ کی فکر کرنا بھی ضرور ی ہے کیوں کہ اوقاف کی جائیداد اللہ تعالی کی جائیداد ہے ،یہ کسی کی ذاتی ملکیت نہیں ہے اس لئے اس کی اہمیت کو سمجھنا ہوگا ۔ سابق وزیر کرناٹک نصیر احمد نے بتایاکہ حکومت نے ہمیشہ اوقاف کے صحیح استعمال اور اس کے تحفظ کی کوشش کی ہے لیکن ہمارے اپنے لوگوں نے ہی ایسا نہیں ہونے دیا اور ناجائز قبضہ کررکھاہے ۔ قانون موجود ہے لیکن سب سے اہم اس کا نفاذ ہے جس پر ہماری توجہ نہیں ہے ۔ سمینار میں پروفیسر امیر اللہ خان حیدرآباد۔ پروفیسر زیڈ ایم خان جنرل سکریٹری آئی او ایس ۔ پروفیسر افضل وانی ۔ مجیب ظفاری سابق سی ای او وقف بورڈ ۔ پروفیسر حسینہ حاشیہ اسسٹنٹ جنرل سکریٹری آئی او ایس ۔ ایڈوکیٹ وجیہ شفیع وکیل سپریم کورٹ آف انڈیا ۔ ایڈوکیٹ طارق صدیقی وکیل سپریم کورٹ آف انڈیا ۔ انور پاشا ر(یٹائرڈ آئی اے ایس )سمیت متعدد اہم اسکالرس نے اپنے خیالات کا اظہار کیا اور مقالہ پیش کیا ۔ سمینار میں انڈین اوقاف فاﺅنڈیشن کی ویب سائٹ کا افتتاح بھی عمل میں آیا ۔ علاوہ ازین ایک قرارداد بھی منظور کی گئی ۔

Leave a Reply