جامعہ کے اسٹوڈینٹس پر پولس کا حملہ شرمناک، منصفانہ جانچ کرکے تمام خاطی افسران کو سزا دی جائے : ملی کونسل 






نئی دہلی: (پریس ریلیز) جامعہ ملیہ اسلامیہ کے طلبہ وطالبات پر پولس کی بربریت اور حملہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے آل انڈیا ملی کونسل کے جنرل سکریٹری ڈاکٹر محمد منظور عالم نے کہاکہ جمہوریت میں احتجاج کرنا ،مظاہرہ کرنا تمام شہریوں کا بنیادی حق ہے ۔ آئین میں یہ حق دیاگیاہے اور اسی کا استعمال کرتے ہوئے جامعہ ملیہ اسلامیہ کے طلبہ متنازع شہریت ایکٹ کے خلاف کیمپس میں پرامن احتجاج کررہے تھے جن پر پہلے پولس نے آنسو گیس کا استعمال کیا ، لاٹھی چارج کی اور اس کے بعد فائرنگ بھی شروع کردی جس میں دو درجنوں طلبہ شدید زخمی ہیں ، دو طلبہ کے موت کی بھی خبر گردش کررہی ہے ۔ پولس نے لائبریری اور مسجد میں جاکر پٹائی اور آنس گیس کا استعمال کیا جو انتہائی افسوسناک اور ظالمانہ عمل ہے ۔ پولس کی ذمہ داری امن واما ن برقرار رکھنا اور اپنے شہریوں کو تحفظ فراہم کرناہے لیکن یہاں پولس نے تحفظ فراہم کرنے کے بجائے درندگی اور دہشت گردی کا مظاہرہ کیاہے ۔ جس طرح کی بے دردی سے بچوں کی پٹائی کی گئی ہے بربریت کی ایسی مثالیں بہت کم ملتی ہیں ۔ کیمپس میں پولس کاداخل ہونا سب سے بڑا مجرمانہ اور غیر قانونی عمل ہے ۔

ڈاکٹر محمد منظور عالم نے کہا کہ متنازع شہریت ایکٹ صرف جامعہ کے طلبہ کا نہیں بلکہ پورے ملک اور آئین کے مسئلہ ہے ، ملک کے دیگر حصوں میں بھی اس کے خلاف احتجاج ہورہاہے ، طلبہ آئین کو بچانے کیلئے احتجاج کررہے تھے لیکن پولس نے ان پر ہی حملہ کرکے بے دردی سے پٹائی کردی ۔ آل انڈیا ملی کونسل جامعہ ملیہ اسلامیہ کے طلبہ وطالبات کے ساتھ ہے اور ہمارے طلبہ اس لڑائی میں خود کو تنہا نہ سمجھیں بلکہ ہم ان کے ساتھ ہیں ۔ حکومت سے اپیل ہے کہ وہ دہلی پولس کی کاروائی کی منصفانہ جانچ کرے اور تمام خاطی پولس افسران کو سزادی جائے ۔

Comments

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *