جامعہ کے بچے ہمارے اپنے ہیں۔ شہریت ترمیمی ایکٹ کے خلاف احتجاج صرف دہلی نہیں پورے ملک میں ہورہاہے : سنجے راوت

نئی دہلی (ملت ٹائمز)
جامعہ ملیہ اسلامیہ کے طلبہ پر دہلی پولس کی بربریت کے شیوسینا نیتا سنجے راوت نے بھی شدید مذمت کی ہے ۔ میڈیا اہلکاروں سے بات کرتے ہوئے راجیہ سبھا ایم پی سنجے راوت نے کہاکہ جامعہ کے بچے ہمارے اپنے ہیں ،سرکار کو ان کی بات سننی چاہیئے ۔ احتجاج کرنے والوں کو سرکار میں بیٹھے لوگ بولتے ہیں کہ یہ پاکستان کی زبان بول رہے ہیں جو درست نہیں ہے ۔ شہریت متنازع ایکٹ کے خلاف احتجاج صرف دہلی میں نہیں ہورہاہے بلکہ پورے ملک میں یہ سلسلہ جاری ہے ۔ آسام میں بی جے پی کی حکومت ہے لیکن وہاں بھی احتجاج ہورہاہے ۔
واضح رہے کہ گذشتہ 15دسمبر کو دہلی پولس نے جامعہ ملیہ اسلامیہ کے طلبہ پر آنسو گیس کا استعمال اور لاٹھی چارج کرنے کے ساتھ فائرنگ بھی کی تھی ۔ لائبریری اور مسجد میں داخل ہوکر بھی طلبہ کی پٹائی کی تھی جس کی دنیا بھر میں مذمت ہورہی ہے ۔