شہری ایکٹ کے خلاف دہلی میں زبردست مظاہرہ جاری، کئی علاقوں میں انٹرنیٹ، کالنگ اور SMS سروس بند

مظاہرین بڑی تعداد میں جمع ہوگئے ہیں اور 144 کے باوجود احتجاج کررہے ہیں
نئی دہلی (ملت ٹائمز)
دہلی میں شہریت ترمیم قانون کے خلاف مظاہرہ تیز ہوگیا ہے اور اسی بنیاد پر کئی علاقوں میں انٹرنیٹ، کالنگ اور ایس ایم ایس سروس پر روک لگا دی گئی ہے، ایئرٹیل کی طرف سے بیان آیا ہے کہ حکومت کی طرف سے انہیں حکم دیا گیا ہے کہ دہلی کے کچھ علاقوں میں وائس، ایس ایم ایس، انٹرنیٹ کی سہولت کو بند کر دیا جائے ۔

جنتر منتر اور لال قلعہ جانے سے روکنے کے لئے بہت سے میٹرو اسٹیشن بند کیے گئے ہیں۔ جامعہ نگر علاقے کے جامعہ ملیہ اسلامیہ میٹرو اسٹیشن کے علاوہ اوکھلا وہار، جسولہ وہار میٹرو اسٹیشن کو بند کیا گیا ہے، منیرکا میٹرو اسٹیشن بھی بند ہے۔دہلی میں اب تک ایئرٹیل، ووڈا فون-آئیڈیا، ریلائنس جیو نے موبائل انٹرنیٹ، کالنگ، ایس ایم ایس کی سہولت بند کرنے کا اعلان کیا ہے، منڈی ہاؤس، سیلم پور، جعفرآباد، مصطفیٰ باد، جامعہ نگر، شاہین باغ اور بوانہ میں یہ سہولیات بند کر دی گئی ہیں۔
احتجاج کو دیکھتے ہوئے لال قلعہ کے ارد گرد حکم امتناعی نافذ ہے کیونکہ مظاہرین نے لال قلعہ سے شہید پارک تک مارچ نکالنے کا اعلان کیا تھا۔ لوگوں کے احتجاج و مظاہرہ کے خدشہ کو دیکھتے ہوئے لال قلعہ، جامع مسجد، چاندنی چوک، یونیورسٹی، پٹیل چوک، لوک کلیان مارگ، ادیوگ بھون، آئی ٹی او، پرگتی میدان، سینٹرل سکریٹریٹ اور خان مارکیٹ میٹرو اسٹیشن بند کر دیئے گئے ہیں۔تاہم مظاہرین بڑی تعداد میں جمع ہوگئے ہیں اور 144 کے باوجود احتجاج کررہے ہیں۔

SHARE