سی سی ٹی وی فوٹیج کھنگال کر ’بدلے ‘ کی ہنوزکاروائی جاری سنبھل میں پھر 59 لوگوں کو حکومتی نوٹس

سنبھل ( آئی این ایس انڈیا )
سنبھل میں شہریت ترمیمی قانون کےخلاف مظاہروں کے دوران مبینہ تشدد میں مبینہ طور پر ملوث افراد کو ضلع انتظامیہ نے نوٹس جاری کیا ہے۔ضلع مجسٹریٹ کملیش اوستھی نے پیر کو بتایا کہ اب تک 59 لوگوں کو تقریبا 15 لاکھ 35 ہزار روپے کے نوٹس جاری کئے گئے ہیں۔جب اوستھی سے سوال کیا گیا کہ نوٹس پانے والے خود کو بے قصور بتا رہے ہیں، تو انہوں نے کہا کہ نوٹس جاری کر دیا گیا ہے، اب انہیں جواب دینا ہے، ہر ایک کو اپنی بات رکھنے کا ’موقعہ‘ ملے گا ۔ضلع مجسٹریٹ اویناش کرشن سنگھ نے بتایا کہ 19 اور 20 دسمبر کو بسوں میں توڑ پھوڑ اور آتش زنی کے واقعات ہوئے تھے۔ ان میں ابھی تک ابتدائی تحقیقات کے مطابق 15 لاکھ 35 ہزار کی سرکاری املاک کا نقصان ہوا ہے، انہوں نے بتایا کہ 59 لوگوں کو ویڈیو کلپ، تصویر اور سی سی ٹی وی فوٹیج کے ذریعہ نشان زدکرکے نوٹس جاری کیا ہے، سرکاری املاک کے نقصانات کی تلافی سرکاری حکم کے مطابق ان ہی لوگوں سے کی جائے گی ۔