قومی یکجہتی کو فروغ دینے کے لیے مہاراشٹرا میں جمعیت علمائے ہند کا عظیم الشان اجلاس

ممبئی:  (پریس ریلیز) جمعیۃ علماء ارشد مدنی ضلع جالنہ کے زیر اہتمام قومی یکجہتی و حالات حاضرہ کے عنوان سے پورے تزک و احتشام کے ساتھ عظیم الشان جلسہ منعقد ہوا،جس میں مسلمانوں کے ساتھ برادران وطن بھی جوش و خروش کے ساتھ شریک ہوئے،اس اجلاس میں جمعیۃعلماء مہاراشٹر کے جنرل سکریٹری حضرت مولانا محمد حلیم اللہ قاسمی صاحب مد ظلہ العالی نے شرکت کرتے ہوئے بصیرت افروز خطاب کیا،آپ نے اس بات پر خوشی کا اظہار کیا کہ آج اس منچ پر تمام سماج و دھرم کے پیرو کار بڑی تعداد میں موجود ہیں،یہی جمعیۃعلماء ہند کا خواب ہے اور یہی جمہوریت کی سچی تصویر ہے۔

       مولانا حلیم اللہ قاسمی نے کہا کہ جس دیش کو انگریزوں کی غلامی سے آزاد کرانے میں مسلمانوں کا خون بہا ہے اس سے شہریت طلب کی جارہی ہے،ہندو مسلم اس ملک کی دو آنکھیں ہیں جن کے بغیر یہ دیش ادھورا ہے،یہ سی اے اے ہندووٗں اور مسلمانوں میں خلیج و دراڑ اور ملک کو توڑنے کے لئے لایا گیا ہے۔

ان کے علاوہ برادران وطن میں سے سابقہ ایم ایل اے سنتوش داسپوتے،سدھاکر دانوے،راہل دیشمکھ،ایل کے دلوی،پرکاش دیشمکھ،رمیش پگارے،سرون آکسے،انیل اینگلے اور پردیپ جو گڈنڈے نے اپنے ملے جلے تاثرات میں یہی کہا کہ ہم مسلمانوں کے ساتھ کھڑے ہیں اور ہم سب اس بل کی مخالفت کرتے ہیں اور اس کیب بل کو دیش اور دیش واسیوں کے حق میں خطرناک و نقصان دہ تصور کرتے ہیں اور ہم نے عزم کیا ہے کہ ہم سب مل کر اس کے خلاف مورچہ لیں گے۔

اس سے پہلے جلسہ کا آغاز قاری سراج استاد مدرسہ ریاض العلوم انوا کی تلاوت قرآن سے ہوا،اور اسی مدرسہ کے طالب علم نے پر سوز آواز میں نعت پاک پیش کی،ا ن کے بعد مولانا سید نصر اللہ حسینی سہیل ندوی صدر جمعیۃعلماء ضلع جالنہ نے آج کے اس عظیم الشان جلسہ کے منعقد کرنے کے اغراض و مقاصد کو پیش کیا اور جمعیۃ صد سالہ قوم و ملت اور اس ملک کے لئے اس کی قیمتی جد وجہد کا تذکرہ کیا، مولانا عیسیٰ خان کاشفی خازن جمعیۃعلماء مراٹھواڑہ نے مہمانان کرام کا استقبال کیا۔جناب حافظ عبد العظیم صاحب صدر جمعیۃعلماء اورنگ آؓباد نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔

مفتی مرزا کلیم بیگ ندوی صدر جمعیۃعلماء مراٹھواڑہ نے اپنی صدارتی تقریر میں مسلمانوں کی اس ملک کے تئیں محبت اور عقیدت و وفاداری کو تفصیل سے بیان کیا۔قاری عبد الرشید حمیدی ناظم تنظیم جمعیۃعلماء مراٹھواڑہ نے اپنے جدا گانہ انداز میں بڑے حسن و خوبی کے ساتھ نظامت کے فرائض انجام دئے،اسی طرح مولانا نشاط قاسمی صدر جمعیۃ علماء بھوکردن نے نظامت کی تکمیل میں ان کا ساتھ بحسن و خوبی نبھایا۔

یہ جلسہ گنگا جمنی تہذیب کی عملی تصویر پیش کررہا تھا،جس میں ہزاروں کی تعداد میں ہندو و مسلمان موجود تھے،مولانا عمران خان ندوی جنرل سکریٹری جمعیۃعلماء تعلقہ بھوکردن نے تمام شرکاء جلسہ اور معاونین کا شکریہ ادا کیا،اس پروگرام کو کامیاب بنانے میں مقامی و اطراف کے علماء کرام، ائمہ کرام، مجلس علماء، سیاسی اور سماجی افراد خصوصاً جناب شبیر قریشی،شفیق سیٹھ،مفتی عبد اللہ دانا پور وغیرہ کا اہم کردار رہا،خصوصاً مقامی جمعیۃعلماء کے ارکان مولانا نشاط قاسمی، مولانا عمران خان ندوی، حاجی اکرم قریشی،معز الدین صدیقی،فیصل چاؤش، جمیل قادری، منا بھائی وغیرہ کی مخلصانہ انتھک جد و جہد رہی۔