تشدد کے الزام پر عام آدمی پارٹی کا زعفرانی ٹولہ کو کراراجواب دنگا بھڑ کانے کی ’ڈگری‘ کس کے پاس عوام جانتے ہیں : عام آدمی پارٹی

نئی دہلی(آئی این ایس انڈیا)متنازعہ شہریت قانون کو لے کر دہلی میں ہوئے تشدد کو لے کر بی جے پی نے حکمران عام آدمی پارٹی کو ذمہ دار ٹھہرایا۔ اس پر عام آدمی نے جوابی حملہ کرتے ہوئے کہا کہ ہم ہر طرح کے فساد کےخلاف ہیں ۔ فسادات کی ڈگری کس کے پاس ہے ، عوام اس سے بالکل باخبر ہیں ۔ منیش سسودیا نے بی جے پی کو جواب دیتے ہوئے کہا کہ جانچ ایجنسی ہے، تحقیقات کروائیں اور جو بھی مجرم ہے اس کو جیل بھیجیں۔اس کے ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ دہلی کا الیکشن مسائل کا الیکشن ہوگا ۔ دہلی کے عوام جواب مانگیں گے کہ بی جے پی مسائل سے کیوں بچتی ہیں۔ انہوں نے الزام لگایا کہ بی جے پی تعلیم کو مہنگی کیوں رکھنا چاہتی ہے۔ سستی تعلیم کےخلاف کیوں ہے؟بی جے پی نے سیب بی ایس آئی سے کہہ کر فیس کیوں بڑھوا ئی۔ عام طالب علم کے لئے 450 روپے سے 1950 روپے اور ایس سی / ایس ٹی کے لئے 1650 روپے کروا ئی ، فیس میں چار گنا اضافہ ہوا۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی نے چھ لاکھ خاندانوں کے اوپر مہنگی فیس کا بوجھ ڈالا ہے ،جس کے وہ متحمل نہیں ہیں ۔منیش سسودیا نے ٹوئٹ کیا کہ دہلی حکومت نے جب 10 ویں اور 12 ویں کے CBSE امتحان کی فیس بھرنے کا اعلان کیا تو بی جے پی نے اسے روکنے کی سازش کیوں رچی؟ بی جے پی کے لیڈر جواب دیں کہ وہ دہلی میں بچوں کی مہنگی تعلیم کی سازش کیوں کر رہے تھے۔ خیال رہے کہ مرکزی وزیر پرکاش جاوڈیکر نے عام آدمی پارٹی اور کانگریس پر دہلی میں ہوئے مبینہ تشدد میں شامل ہونے کا الزام لگایا۔ انہوں نے کہا کہ سی اے اے کو لے کر جان بوجھ کر اقلیتوں کے ذہن میں شک پیدا کیا گیا۔ عوامی املاک کو نقصان پہنچایا گیا ۔جاوڈیکر نے کہا کہ اس کے لئے عام آدمی پارٹی اور کانگریس مکمل طور پر ذمہ دار ہیں اور دہلی کے عوام سے انہیں معافی مانگنی چاہئے۔ جاوڈیکر نے ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ امانت اللہ خان نے اپنے بیان میں کہاکہ سی اے اے سے مسلمانوں کے شعائر پر پابندی لگائی جائے گی ۔مساجد سے مائیک اتروالئے جائیں گے۔ ان باتوں کا اس قانون سے کیا تعلق ہے، یہ تو پاکستان، افغانستان اور بنگلہ دیش میں ظلم و ستم کے شکار غیر مسلموں کو شہریت دینے کا قانون ہے۔خیال رہے کہ آئین میں کہیں بھی مذہب کے بنیادپرامتیاز برتنے اور شہریت دیئے جانے کی کوئی شق موجود نہیں ہے ۔