شاہین باغ کی خواتین نے بی جے پی آئی ٹی سیل کے سربراہ کے خلاف بھیجا نوٹس

امیت مالویہ نے شاہین باغ کی عورتوں کو بدنام کرنے کے لئے فرضی ویڈیو وائرل کی تھی جس کے بعد شاہین باغ کی عورتوں نے اس پر غم وغصہ کا اظہارکیا
نئی دہلی (ملت ٹائمز)سی اے اے ، این آر سی اور این پی آر کے خلاف ملک کے اکثر علاقوں میں پورے زور و شور کے ساتھ احتجاج ہو رہا ہے ۔شاہین باغ میں تقریباً ایک مہینے سے احتجاج ہو رہا ہے جس کو لے کر بی جے پی آئی ٹی سیل کے سربراہ امیت مالویہ نے ایک فرضی ویڈیو وائرل کی تھی جس میں شاہین باغ کی عورتوں کو بدنام کرنے کی کوشش کی لیکن جلد ہی اس کا سچ سامنے آگیا اس فرضی ویڈیو کے وائرل ہونے کے بعدشاہین باغ کی عورتوں میں زبردست غم وغصہ نظر آیا

شاہین باغ مظاہرین کے قانونی مشیر اور سینئر وکیل محمود پراچہ کے ذریعہ امت مالویہ کو یہ نوٹس مظاہرہ کرنے والی نفیسہ بانو اور شہزاد فاطمہ نام کی دو خواتین کی جانب سے بھیجا گیا ہے۔ نوٹس میں کہا گیا ہے کہ ’’آپ نے مظاہرہ کرنے والی خواتین کے خلاف جھوٹے الزام لگا کر اور ان کو مشتہر کر کے اپنے آئینی حقوق کے تحت لوگوں کا دھیان کھینچ رہے مظاہرین کی بے عزتی کی ہے۔‘‘

واضح ہو کہ اس ویڈیو میں یہ دکھایا گیا تھاکہ جس میں ایک شخص یہ کہتا ہوا نظر آتا ہے کہ عورتوں کو اس احتجاج میں شامل ہونے کے لئے500روپئے ملتے ہیں ۔اس کے بعد وہ ویڈیو والا شخص خود سامنے آیا اور کہا کہ ہمیں ایسا کہنے کے لیے پیسے ملے تھے۔