دہلی میں عام آدمی پارٹی کی شاندار جیت ۔ بی جے پی کی بدترین شکست ، کانگریس کا صفایا

گزشتہ سال ہوئے لوک سبھا انتخابات میں دہلی کی تمام سات نشستیں جیتنے والی بی جے پی اس الیکشن میں سات سیٹوں پر سمٹ گئی اور کانگریس مسلسل دوسری بار ایک بھی سیٹ نہیں جیت پائی
نئی دہلی(ایم این این )
اروند کیجریوال کی آندھی میں عام آدمی پارٹی دہلی میں تاریخی جیت کے ساتھ تیسری بار اقتدار میں آ گئی ہے وہیں بھارتیہ جنتا پارٹی کا 22 سال کے بعد اقتدار میں واپسی کا خواب چکنا چور ہو گیا جبکہ کانگریس کی جھولی ایک بار پھر مکمل طور خالی رہی۔ عام آدمی پارٹی نے گزشتہ اسمبلی انتخابات میں 70 میں سے 67 سیٹیں جیتی تھیں۔ اس الیکشن میں اس نے 62 سیٹیں جیت کر نئی تاریخ رقم کی ہے۔ وہ مسلسل دو انتخابات میں 60 سے زائد سیٹ جیتنے والی پہلی پارٹی بن گئی ہے۔جبکہ بی جے پی کو صرف 8 سیٹوں پر جیت ملی ہے ۔ اس مرتبہ دہلی میں پانچ مسلم امیدواروں کو بھی کامیابی ملی ہے ۔
دہلی کے عوام نے عآپ کو وسیع حمایت دے کر اس کے ’لگے رہو کیجریوال‘ کے نعرے پر مہر لگا دی۔ انتخابی نتائج سے صاف ہے کہ کیجریوال کے آگے وزیر اعظم نریندر مودی اور مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ اور بی جے پی کی طاقت بونا ثابت ہوئی۔ بی جے پی کے لئے بہار کے وزیر اعلی نتیش کمار اور لوک جن شکتی پارٹی کے رہنما بھی کام نہیں آئے۔ بی جے پی نے دہلی کے انتخابات میں پہلی بار کمار کے جنتادل (یو) اور ایل جے پی کے ساتھ مل کر الیکشن لڑا تھا لیکن ان دونوں جماعتوں کا پتہ صاف ہو گیا۔
منگل کو ہوئی ووٹوں کی گنتی میں آئے نتائج میں بی جے پی اور کانگریس دونوں کو زبردست جھٹکا لگا۔ گزشتہ سال ہوئے لوک سبھا انتخابات میں دہلی کی تمام سات نشستیں جیتنے والی بی جے پی اس الیکشن میں سات سیٹوں پر سمٹ گئی اور کانگریس مسلسل دوسری بار ایک بھی سیٹ نہیں جیت پائی۔