اروند کیجریوال نے تیسری مرتبہ وزیر اعلی کے عہدہ کا حلف لیا ۔ دہلی کی ترقی کیلئے مودی سے مانگا آشیرواد

نئی دہلی(ایم این این )
اروند کیجریوال نے آج تیسری بار وزیر اعلی کے عہدے کا حلف لیا ۔دہلی کے لیفٹننٹ گورنر انل بیجل نے کیجریوال کو تاریخی رام لیلا میدان میں وزیر اعلی کے عہدے کا حلف دلایا۔ حلف لینے کے بعد وزیراعلی اروند کیجریوال نے وہاں موجود معزز شخصیات اور عام آدمی پارٹی کے ہزاروں حامیوں کے ہجوم سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ بلا امتیاز دہلی کی چو طرفہ ترقی کے لئے پابند عہد ہیں اور انہیں اسے کامیاب بنانے کے لیے وزیراعظم مودی کے ’آشیرواد‘ کی ضرورت ہے۔
سابقہ مدت کار کے دوران کیجریوال کا مرکزی حکومت کے ساتھ مختلف معاملوں پر اختلاف رہا۔ کیجریوال نے اپنے خطاب میں کہا کہ ”انتخابات میں ملی جیت دہلی کے شہریوں کی جیت ہے۔ بھلے ہی کسی نے کسی پارٹی کو ووٹ دیا ہو۔ میں سب کا وزیر اعلی ہوں۔ سب میرے کنبے کا حصہ ہیں۔ میں سب کا کام کروں گا“۔
انہوں نے کہا کہ ”ہم نے اپنے سبھی مخالفین کو معاف کیا۔ میں سبھی جماعتوں کے ساتھ مل کر کام کرنا چاہتا ہوں۔ نئی سیاست اور دہلی کی ترقی کا ڈنکا پورے ملک میں بچ رہا ہے“۔
انہوں نے آخر میں ایک کویتا پڑھی، جب بھارت ماں کا ہر بچہ بہترین شکشا پائے گا، جب بھارت کے ہر بندے کو اچھا علاج مل پائے گا، جب سرکشا اور سمان مہیلاو¿ں میں آتم وشواس جگائے گا، جب کسان کا پسینہ اس کے گھر میں بھی خوشحالی لائے گا، جب ہر بھارت واسی جیون کی مول بھوت سویدھا پائے گا، جب دھرم ذات سے اٹھ کر ہر بھارت واسی بھارت کو آگے بڑھائے گا، تب ہی امر ترنگا آسمان میں شان میں لہرائے گا۔

SHARE