ماہِ رمضان المبارک میں کووڈ – 19 کے سدباب سے متعلق محکمۂ صحت کی ہدایات کا خاص خیال رکھیں! دارالعلوم دیوبند رمضان اور تراویح کے سلسلہ میں عنقریب تفصیلی فتوی جاری کرے گا

دیوبند: (پریس ریلیز) دار العلوم دیوبند کی جانب سے اپیل کی جاتی ہے کہ ماہِ رمضان المبارک میں بھی کووڈ- 19 کے سدباب سے متعلق محکمہئ صحت کی ہدایات کا خاص خیال رکھنا ضروری ہے، دیگر نمازوں کی طرح نماز تراویح بھی حسب موقع وسہولت قانونی تحدیدات اور مقامی انتظامیہ کی ہدایات کے مطابق اپنے گھروں یا مساجد میں باجماعت ادا کی جائے۔
کووڈ -19 کا عالمی بحران روز افزوں ہے جو فکر وتشویش کا باعث ہے۔ سخت قانون کے تحت لاک ڈاؤن کی مدت 3 مئی تک بڑھا دی گئی ہے، یہ ایک اضطراری کیفیت ہے؛ اس لیے اب اور زیادہ سختی اور پابندی کے ساتھ محکمہئ صحت کی جاری کردہ احتیاطی تدابیر (گائڈ لائن) پر عمل کیا جائے، ملک میں جن مقامات پر لاک ڈاؤن، کرفیو جیسی سخت پابندی اور معاشرتی فاصلہ (سوشل ڈسٹینسنگ) لازمی قرار دیا گیا ہے وہاں گھروں سے باہر نہ نکلا جائے اور خلافِ قانون اجتماعات سے ہرحال میں اجتناب کیا جائے۔
دارالعلوم دیوبند کی جانب سے رمضان اور تراویح کے سلسلے میں میں عنقریب تفصیلی فتویٰ جاری کیا جائے گا، اس سلسلے میں ضروری معلومات دارالعلوم دیوبند کی ویب سائٹ سے بھی حاصل کی جاسکتی ہیں۔
رمضان کے مبارک مہینے میں قرآن کریم کی تلاوت، کثرت سے استغفار، درود شریف اور آیت کریمہ پڑھنے کا اہتمام کریں، اور اللہ تعالیٰ سے اپنے لیے اور پورے عالم کے لیے عافیت کی دعا مانگتے رہیں۔
اللہ رب العزت ہم سب سے راضی ہوجائے اور سب پر رحمتیں نازل فرمائے۔ آمین