پوری دنیا میں کورونا سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد ڈیڑھ لاکھ سے زیادہ

ایران میں گزشتہ کئی دنوں سے نئے معاملوں کی تعداد میں بھی کمی واقع ہوئی ہے اور ہلاکتوں کی تعداد بھی کم ہوئی ہے۔

کورونا کا قہر رکنے کا نام نہیں لے رہا ہے اور اب پوری دنیا میں اس وبا سے متاثر ہونے والوں کی تعداد ساڑے 22 لاکھ سے زیادہ ہو گئی ہے وہیں اس سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد ایک لاکھ 54 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔ ادھر دنیا کے سب سے طاقتور ملک امریکہ میں کورونا متاثرین کی تعداد7 لاکھ سے زیادہ ہو گئی ہے اور وہاں کورونا سے ہونے والی اموات کی تعداد 37 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔

یوروپی ممالک میں بھی اس وبا کا قہر جاری ہے اور اٹلی میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد ساڑے 22 ہزار سے زیادہ ہو گئی ہے اوروہاں متاثرین کی تعداد ایک لاکھ 72 ہزار سے زیادہ ہے۔

اسپین میں متاثرین کی تعداد ایک لاکھ 90 ہزار سے زیادہ ہے اور اس سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد 20 ہزار سے زیادہ ہو گئی ہے۔

فرانس میں اس وائرس سے متاثر ہونے والوں کی تعداد ایک لاکھ47ہزار سے زیادہ ہے جبکہ ہلاک ہونے والوں کی تعدادساڑے 18 ہزار سے زیادہ ہوگئی ہے اور برطانیہ میں اموات کی تعداد ساڑے 14 ہزار سے زیادہ ہوگئی ہے جبکہ وہاں متاثرین کی تعدادایک لاکھ 8 ہزار سے زیادہ ہے۔

ایران میں گزشتہ کئی دنوں سے نئے معاملوں کی تعداد میں بھی کمی واقع ہوئی ہے اور ہلاکتوں کی تعداد بھی کم ہوئی ہے۔ ایران میں متاثرین کی تعداد 79 ہزار سے زیادہ ہے جبکہ ہلاکتوں کی تعداد 4958 سے اوپر ہے۔ادھر سعودی عرب میں نئے معاملوں میں اضافہ ہوا ہے اور متاثرین کی تعداد 7142 ہو گئی ہے جبکہ ہلاک ہونے والوں کی تعداد 87 ہے۔ پاکستان میں بھی متاثرین کی تعداد 7 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے اور ہلاک ہونے والوں کی تعداد 135 ہے۔