جرمنی نے 4 مئی سے تمام مساجد کو کھول دئیے جانے کا کیا اعلان ، اجتماعی نماز ادا کرنے کی بھی ملی اجازت، مسلم کمیونٹی میں خوشی کی لہر 

برلن: جرمنی نے تمام مساجد 4 مئی 2020ء سے کھولنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ جرمن خبر رساں ادارے کے مطابق حکومت نے ملک میں تمام مساجد 4 مئی 2020ء سے کھولنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ جرمنی میں آبادمسلم کمیونٹی کے لئے یہ بڑی خوشی کی خبر ہے ، مساجد میں نماز با جماعت اور تراویح ہوں گی ۔ کورونا وائرس کی عالمی وباء کے پیشِ نظر جرمنی میں مساجد سمیت تمام عبادت گاہیں بند تھیں، لیکن اب متعلقہ حکام نے 4 مئی سے مساجد اور دوسری عبادت گاہیں کھولنے کا فیصلہ کیا ہے، جس کے بعد مسلمانوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے، ہر مسجد میں 50 افراد باجماعت نماز تراویح ادا کرسکیں گے اور تمام سماجی فاصلہ برقرار رکھنے اور حکومتی اقدامات پرعمل پیرا ہوں گے۔جرمنی کی حکومت نے سکولز، ریل اور بس سروس سمیت دیگر ٹرانسپورٹ بھی کھولنے کا فیصلہ کیا ہے۔

واضح رہے کہ جرمنی میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 148,453سے تجاوز کر گئی ہے جبکہ اموات کی تعداد پانچ ہزار سے زائد ہے۔