نئی دہلی: (پریس ریلیز 25 رمضان المبارک ) دارالعلوم دیوبند کے شیخ الحدیث. فقیہ اور محقق و مصنف حضرت مولانا مفتی سعید احمد پالنپوری نے بھی آج داعی اجل کو لبیک کہا. آپ علیل چل رہے تھے اور آپ کی صحت یابی کیلئے ملک و بیرون ممالک میں مسلسل دعا ئیں ہو رہیں تھیں مگر وقت موعود آچکا تھا اس لیے روبہ صحت نہ ہوسکے اور19 مئی 2020ء مطابق 25 رمضان المبارک 1441ھ کو چاشت کے وقت آخری سانس لی. اناللہ وانا الیہ راجعو.ن. اللہ رب العزت ان کے درجات کو بہت بلند فرمائے اور دارالعلوم دیوبند سمیت سبھی پسماندگان کو صبر جمیل عطا فرمائے آمین.
ان خیالات کا اظہار معروف عالم دین. مصنف وملی قائد حضرت مولانا ڈاکٹر مفتی محفوظ الرحمن عثمانی بانی ومہتمم جامعۃ القاسم دارالعلوم الاسلامیہ ضلع سپول بہار نے اپنے تعزیتی پیغام میں کیا.
دارالعلوم دیوبند کے مہتمم مفتی ابوالقاسم نعمانی.صاحبزدگان مفتی صاحب مرحوم. اساتذہ اور طلبہ دارالعلوم سے تعزیت مسنونہ پیش کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بلاشبہ حضرت مفتی سعید صاحب کی موت ایک عالم کی موت ہے. آپ کی پوری زندگی کھلی کتاب کے مانند تھی. سہارنپور میں دور طالب علمی کا زمانہ ہوکہ دیوبند میں؛ آپ کی ذہانت اور قابلیت کے سبھی اساتذہ وساتھی معترف تھے. اس کے بعد جب آپ نے ازہر ہند دارالعلوم دیوبند 1382ھ مطابق 1962ء میں درس وتدریس کا آغاز فرمایا توچند ایام بعد ہی یہاں کے طلبا کے درمیان بھی وہی مقام حاصل کرلیا. وہ اپنی گوناگوں خوبیوں کے باعث ہر دور میں طلبہ کے ہر دِل عزیز رہے.
مفتی عثمانی نے کہا کہ آپ کا درس اس قدر مقبول تھا کہ درسگاہ کھچا کھچ بھری رہتی تھی. بڑی تعداد میں باہر کے طلبہ بھی ذوق وشوق سے آکے درس میں شریک ہوتے تھے.
انہوں نے کہا کہ جب حضرت مفتی صاحب مرحوم نے تحقیق و تصنیف کے میدان میں قدم رکھا تو یہاں بھی آپ نے اپنی قابلیت و صلاحیت کا لوہا منوا لیا چنانچہ مختلف درسی کتب کی شروحات ہوکہ دیگر علمی تصنیفات ومقالات جب بھی شائع ہوکر منظر عام پر آئیں اہل علم وطلبا نے اسے ہاتھوں ہاتھ لیا. مفتی عثمانی نے کہاکہ دارالعلوم دیوبند میں الگ الگ کلاس میں اہم تدریسی خدمات انجام دیتے ہوئے 1429ھ مطابق 2008ء میں شیخ الحدیث کے منصب جلیلہ پر فائز ہوئے اور آخری سانس تک اپنی عظیم ذمہ داری کو نبھاتے رہے. آپ دارالعلوم دیوبند کے صدر المدرسین بھی تھے. اسکے علاوہ دیگر خدمات بھی آپ کے سپرد رہیں ہیں. اللہ پاک انکی خدمات کو شرف قبولیت بخشے اور جنت الفردوس میں اپنے شایان شان مقام عطا فرمائے آمین۔
مشہور رفاہی تنظیم خدمت خلق ٹرسٹ انڈیا نے بھی معروف عالم دین شیخ الحدیث حضرت مولانا مفتی محمد سعید صاحب پالنپوری کے سانحہ ارتحال کو بڑاعلمی خسارہ قرار دیتے ہوئے تعزیت پیش کی ہے. ٹرسٹ کے جنرل سکریٹری ڈاکٹر شہاب الدین ثاقب قاسمی نے مہتمم دارالعلوم دیوبند اور اہل خانہ سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ مفتی صاحب کی علمی ودینی خدمات ناقابل فراموش ہیں. اللہ پاک انکی خدمات کو قبول فرمائے اور آپکی مغفرت فرمائے آمین۔