عید سادگی سے منائیں اور غرباء و مستحقین کا خاص خیال رکھیں جمعیۃ علماء ہند کے صدر مولانا سید ارشد مدنی کی مسلمانانِ ہند سے اپیل

نئی دہلی: جیساکہ سب کے علم میں ہے کہ لاک ڈاؤن کی مدت 31/مئی تک بڑھادی گئی ہے اورعبادت گاہوں میں اجتماعیت پر پابندیوں میں کوئی رعایت نہیں دی گئی ہے اور ہزار کوششوں کے باوجود کورونا وائرس کا مرض ہمارے ملک میں بڑھتا ہی جارہا ہے اسی تناظر میں صدر جمعیۃ علماء ہند مولانا سید ارشد مدنی نے تمام مسلمانانِ ہند سے اپیل کی ہے کہ اس سال عیدالفطر سادگی سے منائیں اور نمازعید الفطر وزارت صحت کے گائیڈلائن کے مطابق ادا کریں ورنہ اس کا سب سے بڑا نقصان یہ ہوگا کہ متعصب میڈیا اور فرقہ پرست عناصر جو ان مشکل حالات میں بھی نفرت انگیز ایجنڈے کو آگے بڑھا رہا ہے اگر گائیڈلائن کی پابندی نہیں کی گئی تو اس کو لیکر مسلمانوں کو بدنام کرنے اور ان کے خلاف نفرت پھیلانے کا ایک سلسلہ شروع ہوجائے گا۔
مولانا نے کہا کہ مسلمانوں نے بالخصوص رمضان المبارک کے مہینہ میں فرض نمازوں اور جمعہ و تراویح کی ادائیگی میں ہیلتھ منسٹری کی ہدایات پر جس طرح عمل کیا ہے وہ بے مثال ہے۔ اب چونکہ رمضان المبارک اپنی انتہا کو پہنچ رہا ہے، اس لئے عیدالفطرکی نماز کو قائم کرنے کا مسئلہ بھی عوام کے لئے پریشان کن ہے، واضح رہے کہ نماز عید الفطر کے سلسلہ میں دارالعلوم دیوبند کی جانب سے فتویٰ منظرعام پر آچکاہے، اس کا حاصل یہ ہے کہ عید کی نماز بھی جمعہ کی طرح اداکی جاسکتی ہے کیونکہ عیدکی نماز کے لئے بھی وہیں شرائط ہے جو جمعہ کے لئے ہے، اس لئے اس کی پوری کوشش کی جائے کہ شرعی شرائط اور حکومت کی طرف سے جاری کردہ ہدایات کو ملحوظ رکھتے ہوئے عید کی نماز ادا کی جائے، اگر کسی جگہ اس کے امکانات نہیں ہے تو ان کے لئے بہتر ہے کہ چار رکعت چاشت کی نفل نماز پڑھ لیں، عید کے دن اعز و اقارب سے ملنے میں طبی و سرکاری ہدایات کو ملحوظ رکھیں، عید سادگی سے منائیں اور غرباء و مستحقین کا خاص خیال رکھیں دعاہے کہ اللہ تعالی رمضان کو قبول فرمائے اور آنے والے سال کو امن و امان و خیر و برکت کاسال بنائے۔