مولانا رفیق قاسمی کے انتقال پر آئی او ایس کے چیرمین ڈاکٹر منظور عالم کا اظہارِ تعزیت

نئی دہلی: (پریس ریلیز ) معروف عالم دین اور جماعت اسلامی ہند کے سابق کل ہند سکریٹری مولانا محمد رفیق قاسمی کی وفات پر آل انڈیا ملی کونسل کے جنرل سکریٹری اور انسٹی ٹیوٹ آف آبجیکٹو اسٹڈیز کے چیرمین ڈاکٹر محمد منظور عالم نے اپنے شدید رنج وغم کا اظہار کیاہے ۔انہوں نے اپنے تعزیتی بیان میں کہاکہ مولانا محمد رفیق قاسمی سلجھے ہوئے اور امت کے بہی خواہ عالم دین تھے ۔ سبھی کو ساتھ لیکر چلنا اور امت کے اتحاد کی کوششیں کرنا ان کا ہمیشہ مشغلہ رہا ۔ انہوں نے اپنی زندگی میں ملک ۔قوم اور مسلمانوں کے فلاح وبہبود کیلئے بے شمار کار خیر کیا ہے ۔ یقینی طور پر ان کی وفات پورے دیش کیلئے ناقابل تلافی نقصان ہے ۔
ڈاکٹر محمد منظور عالم نے مزید کہاکہ مولانا محمد رفیق قاسمی کی آل انڈیا ملی کونسل اور انسٹی ٹیوٹ آف آبجیکٹو اسٹڈیز سے بھی گہری وابستگی رہی ہے ۔ دونوں اداروں کے پروگراموں میں ان کی شرکت ہوتی تھی ۔ آئی او ایس کے کاموں کو وہ ہمیشہ سراہتے رہے ہیں ۔ 2009 میں آئی او ایس کا دیوبند میں ” ادب اختلاف “کے موضوع پر ایک اہم سمینار ہوا تھا جہاں مولانا مرحوم نے خصوصی طور پر شرکت کی تھی اور اپنے خیالات کا اظہار کیاتھا ۔ملی کونسل اور آئی او ایس سے وابستہ سبھی ممبران اور اسٹاف مولانا مرحوم کی وفات پر غمزدہ ہیں اور دعا گو ہیں کہ اللہ تعالی ان کی مغفرت فرمائے اور اہل خانہ کو صبر جمیل عطاء فرمائے ۔ آمین ۔