نئی دہلی: (پریس ریلیز) دہلی اقلیتی کمیشن نے سال رواں اپنے سالانہ ایوارڈ کا اعلان کردیاہے جس میں معروف تھنک ٹینک ادارہ انسٹی ٹیوٹ آف آبجیکٹو اسٹڈیز کو بھی بیسٹ این جی او کے طور پر شامل کیاہے جبکہ لائف ٹائم اچیومینٹ ایوارڈ سے معروف دانشور اور آئی او ایس کے چیرمین ڈاکٹر محمد منظور عالم کو شامل کیاہے اور انہیں لیڈر آف تھنک ٹینک کا خطاب دیاہے ۔
دہلی اقلیتی کمیشن نے ایوارڈ یافتگان تمام شخصیات کی ناموں ، تصاویر اور بنیادی تفصیلات کے ساتھ ایک کتابچہ شائع کیاہے جہاں اقلیتی کمیشن نے آئی او ایس کو ایک تھنک ٹینک اور ریسرچ آرگنائزیشن قرار دیتے ہوئے ایوارڈ کا حقدار بتایا ہے ۔ کمیشن نے لکھاہے کہ آئی او ایس ایک تھنک ٹینک ادارہ ہے ۔ خاص طور پراقلیتوں کی ترقی ،پسماندگی اور دیگر بنیادی ایشوز کے بارے میں یہاں ریسرچ اور اس کا حل پیش کیا جاتاہے ۔1986 میں یہ ادارہ قائم ہواتھا اور مسلمانوں کی تعمیر وترقی میں بنیادی کردار ادا کیا ہے ۔ آئی او ایس کے علاوہ اقلیتی کمیشن نے آئی او ایس کے چیرمین ڈاکٹر محمد منظور عالم کو بھی ان کی تقریبا 35سالوں پر مشتمل دینی ، ملی ، سماجی ، تعلیمی ، تصنیفی خدمات کی بنیاد پر لائف ٹائم اچیومینٹ ایوارڈ سے سرفراز کیا ہے اور انہیں لیڈر آف تھنک ٹینک کا خطاب دیا ہے ۔ اس موقع پر ملک اور دنیا بھر کی اہم سیاسی ،سماجی اور ملی شخصیات نے ڈاکٹر محمد منظور عالم کو خط ، مسیج اور فون کے ذریعہ مبارکباد پیش کی ہے ۔
ڈاکٹر محمد منظور عالم نے اپنے تمام خیرخواہوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ اہم بات یہ ہے کہ آئی او ایس کی خدمات کا اعترف دہلی اقلیتی کمیشن نے کیاہے جس سے آئی او ایس سے وابستہ سبھی افراد کو خوشی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ آئی او ایس کی خدمات کا اعتراف اور اس ایوارڈ کا سہرا ان تمام شخصیات کو جاتاہے جنہوں نے آئی او ایس کے قیام اور اس کے بعد سے لیکر اب تک مختلف جہات سے کام کیا ہے اور اس کو آگے بڑھانے اور کامیاب بنانے میں نمایاں کارنامہ انجا م دیا ہے ۔ یہ ایوارڈ در اصل آئی او ایس کی بنیاد سے لیکر اب تک مختلف جہتوں سے وابستگی اختیار کرنے والوں کیلئے ایک انعام اور حوصلہ افزائی ہے ۔ ایوارڈ یافتگان کی فہرست میں پروفیسر حسینہ حاشیہ کا نام بھی شامل ہے جو آئی او ایس کی اسسٹنٹ جنرل سکریٹری اور گورننگ کونسل کی رکن ہیں ۔
واضح رہے کہ دہلی اقلیتی کمیشن دہلی حکومت کا ایک خود مختار شعبہ ہے مسلمانوں ، عیسائیوں سکھو ں اور دیگر اقلیتوں کے فلاح و بہبود اور دیگر مسائل پر توجہ دی جاتی ہے او رکمیشن اس کے حل میں بنیادی کردار نبھاتا ہے ۔ حالیہ دنوں میں اس کے چیئرمین ڈاکٹر ظفر الاسلام خان ہیں ۔