مظفر پور: (پریس ریلیز) امارت شرعیہ بہار، اڈیشہ ، وجھاڑکھنڈ کے نائب ناظم وناظم وفاق المدارس الاسلامیہ مفتی محمد ثناء الہدیٰ قاسمی نے حضرت مولانا وصی احمد صدیقی مہتمم مدرسہ چشمہ فیض ململ مدھوبنی و بانی جامعہ فاطمہ الزھراء للبنات کے انتقال پرملال پر دلی صدمہ کا اظہار کیا ہے، مفتی صاحب نے فرمایا کہ مولانا کا انتقال بڑا ملی ،علمی ، اور تعلیمی سانحہ ہے، مولانا نے جس محنت اور جد و جہد سے ان اداروں کو پروان چڑھایا وہ مثالی بھی ہے اور تاریخی بھی، مفتی صاحب نے فرمایا کہ مدرسہ چشمہ فیض ململ مدھوبنی ندوہ کی شاخ ہونے کے ساتھ ساتھ وفاق المدارس الاسلامیہ امارت شرعیہ سے بھی ملحق ہے، بحیثیت ناظم وفاق جب بھی میں نے ان سے مدد چاہی انہوں نے بھرپور تعاون کیا، وفاق المدارس الاسلامیہ کے سالانہ امتحان کے انعقاد میں ان کی بھرپور حصہ داری ہوا کرتی تھی، اللہ ربّ العزت سے دعا ہے کہ مولانا مرحوم کی مغفرت فرمائے، پس ماندگان کو صبر جمیل دے، اور ادارے کو نعم البدل عطا فرمائے، مفتی صاحب نے اس موقع سے خصوصیت کے ساتھ مولانا فاتح اقبال ندوی اور ان کے اہل خانہ سے تعزیت کی ہے، اور فرمایا ہے کہ مصیبت کی اس گھڑی میں ہم سب آپ کے ساتھ ہیں۔