ممبئی: ملک وملت کے ایک معروف ومشہور عالم دین، صاحب طرز خطیب، زبردست قلمکار، میدان دعوت وتربیت کے ممتاز شہسوار مرکزی جمعیت اہل حدیث ہند کے سابق نائب ناظم، ممبئی صوبائی جمعیت اہل حدیث کے نائب امیر اور شعبہ دعوت وتربیت کے انچارج مولانا محمد مقیم فیضی کا انتقال ا جماعت وجمعیت کے لئے ایک عظیم سانحہ ہے، جماعت اہل حدیث کے عالم دین ساکی ناکہ جامع مسجد اہل حدیث کے خطیب وامام مولانا عاطف سنابلی نے مولانامقیم فیضی کے انتقال کی اطلاع دیتے ہوئے بتایا کہ آپ کی شخصیت علمی وتنظیمی دنیا کی ایک ممتاز ومعروف شخصیت تھی، آپ کے اندر دینی حمیت اور مسلکی ومنہجی غیرت بدرجہ اتم موجود تھا، آپ ایک دردمند وفکرمند عالم دین کے ساتھ ساتھ آپ کی تقریر میں امت کا درد اورتڑپ اور نرالا سوزہوتا تھا آپ نے اپنی فراغت کے بعد کی زندگی کا تمام حصہ دین اسلام خدمت اور منہج ومسلک کی ترویج واشاعت اور استحکام میں گذارا،آپ کے اندر تںظیمی صلاحیت بھی کوٹ کوٹ کر بھری تھی ..
مولانا مقیم صاحب رحمہ اللہ یوپی کے ضلع پرتاپ گڈھ کے رہنے والے تھے، ہندوستان کے معروف مدارس سے کسب فیض کے ساتھ ساتھ سعودی عرب کی راجدھانی ریاض میں بھی تحصیل علم کا شرف حاصل رہا، آپ جماعت وجمعیت کے اہم رکن تھے،آپ کئی کتابوں کے مؤلف اور مترجم بھی ہیں ..
مولانا عاطف سنابلی نے دعا کرتے ہوئے کہا کہ اللہ انہیں جنت دے، ان کی مغفرت فرمائے اور پسماندگان ومتعلقین صبر جمیل دے، جماعت وجمعیت اور علمی ودینی حلقہ کو ان کا نعم البدل عطا کرے ۔