معروف مصنف و محقق پروفیسر یسین مظہر صدیقی کا انتقال، علمی حلقہ سوگوار

نئی دہلی: اسلامی علوم و تاریخ کے معروف مصنف و محقق پروفیسر ڈاکٹر یسین مظہر صدیقی کا آج انتقال ہوگیا۔ وہ دارالعلوم ندوۃ العلما، جامعہ ملیہ اسلامیہ اور علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے تعلیم یافتہ تھے اور علی گڑھ یونیورسٹی کے شعبۂ علوم اسلامی کے سربراہ کی حیثیت سے بیش بہا خدمات انجام دیں ۔ ان کی پیدایش ۱۹۴۴ میں یوپی کے لکھیم پور کھیری میں ہوئی، ندوے سے ۱۹۵۹ میں عالمیت مکمل کرنے کے بعد لکھنؤ یونیورسٹی سے فاضل ادب کیا۔ اس کے بعد جامعہ ملیہ اسلامیہ سے ہائر سکینڈری اور بی اے پاس کیا اور علی گڑھ سے تاریخ میں ایم اے و ایم فل اور ۱۹۷۵ میں پی ایچ ڈی کی تکمیل کی۔ انھوں نے اسلامی تاریخ اور سیرت پر درجنوں کتابیں اور مضامین و مقالات لکھے۔ سیرت کے بہت سے اہم گوشوں پر ان کی تحقیقات قابل قدر ہیں۔ موجودہ دور میں سیرت اور علومِ سیرت کے موضوع پر انھیں اتھارٹی سمجھا جاتا تھا۔ ان کی وفات سے علمی حلقوں میں رنج و غم کی لہر دوڑ گئی ہے۔