حیفا: اسرائیلی ذرائع ابلاغ کے مطابق اردن اور اسرائیل نے دو طرفہ فضائی تعاون کے ایک معاہدے پر دستخط کیے ہیں۔
اسرائیل کے ٹی وی چینلوں پر شائع کی گئی رپورٹس میںکہا گیا ہے کہ نئے معاہدے کے تحت اسرائیل اور اردن کی خلیجی ممالک، ایشیا، مشرق وسطیٰ، یورپ اور شمالی امریکا کی فضائی آمد ورفت کے لیے دونوں ممالک ایک دوسرے کی فضا استعمال کرسکیںگے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق اس معاہدے سے دونوں ممالک کو فایدہ پہنچے گا اور طویل مسافت طے کرنے کے بجائے دونوں ممالک ایک دوسرے کی فضائی حدود کو استعمال کرتے ہوئے اپنا فضائی سفر جاری رکھ سکیں گے۔
ٹی وی چینلوںکی رپورٹس کے مطابق دونوں ملکوں کے درمیان کئی سال سے محدود سطح پر فضائی تعاون جاری رہا ہے۔ اردنی اور اسرائیلی فضائی ایو ایشن اتھارٹی کی درمیان فضائی تعاون کو وسعت دینے کے لیے ماضی میں بھی مذاکرات کے کئی ادوار ہو چکے ہیں۔
حال ہی میں متحدہ عرب امارات اور بحرین کے اسرائیل کے ساتھ معاہدوں اور سعودی عرب کی طرف سے اسرائیلی فضائی کمپنیوںکو سعودی عرب کی فضائی حدود استعمال کرنے کی اجازت دیے جانے کے بعد اردن نے بھی اسرائیل کے ساتھ فضائی تعاون کو مزید وسعت دے دی ہے۔
اردن اور اسرائیل کے درمیان معاہدے کے تحت آج جمعہ سے امارات اور بحرین کی فضائی کمپنیاں اردن کی فضائی حدود کو استعمال کرتے ہوئے اسرائیل جاسکیںگی۔ اس کے علاوہ اردن نے شمالی امریکا اور دوسرے ملکوں سے آنے والی پروازوں کو بھی اپنی فضائی حدود سے گذر کر اسرائیل پہنچنے کی اجازت دے دی ہے۔
اسرائیلی وزیر مواصلات میری ریگیو کا کہنا ہے کہ ہم ایک بار پھر سرحدوںکو نقب لگانے اور فضائی حدود میں اپنے فلائٹ آپریشن کا دائرہ وسیع کرنے میں کامیاب ہوگئے ہیں۔