لاس اینجلس
ملت ٹائمز/ایجنسیاں
شوبز کی دنیا میں قدم رکھنے والی لڑکیوں کے استحصال کی کہانیاں صرف پسماندہ سمجھے جانے والے لالی ووڈ یا بالی ووڈ میں ہی نہیں ملتیں بلکہ بہت ترقی یافتہ کہلانے والے ہالی ووڈ میں بھی حالات ایسے ہی ہیں۔ یہ معاملہ کس قدر گھمبیر ہے اس کا اندازہ کامیاب اداکاراؤں میں شمار ہونے والی حسینہ میلا کیونس کے تہلکہ خیز انکشاف سے کیا جاسکتا ہے۔ اخبار ڈیلی اسٹار کی رپورٹ کے مطابق میلا کیونس نے انکشاف کیا ہے کہ انہیں اپنے کیریئر کے آغاز میں بے عزتی کا سامنا کرنا پڑا، ان سے بدسلوکی کی گئی، اور حتیٰ کہ ایک پروڈیوسر نے انہیں یہ دھمکی بھی دی کہ جب تک وہ برہنہ تصاویر نہیں بنوائیں گی انہیں فلم میں کام نہیں ملے گا۔ میلا کیونس کا کہنا ہے کہ جب انہوں نے مزاحمت کی کوشش کی تو پروڈیوسر کا کہنا تھا تم اب اس شعبے میں د وبارہ کبھی کام نہیں کر سکو گی۔
میلا کیونس نے اپنے ساتھ پیش آنے والے اس معاملے کا ذکر ایک کھلے خط میں کیا ہے جس میں انہوں نے شوبز کی دنیا میں قدم رکھنے والی لڑکیوں کے ساتھ کئے جانے والے بھیانک سلوک سے پردہ اٹھایا ہے۔ ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ انہیں اب تک بہت کمپرومائز کرنا پڑے ہیں لیکن انہوں نے فیصلہ کیا ہے کہ اب وہ مزید کمپرومائز نہیں کریں گی بلکہ ناجائز مطالبات کرنے والوں کے سامنے ڈٹ کر کھڑی ہوجائیں گی۔