نئی دہلی: (پریس ریلیز) قرآنی علوم کی ترویج واشاعت میں ہندوستان کا بڑا حصہ ہے ، عہد اسلامی سے لے کر آج تک مختلف زبانوں میں قرآن کریم کے تراجم کا سلسلہ جاری ہے۔ ان خیالات کا اظہار مولانا عبد اللہ طارق مظاہری نے کیا، وہ اسلامک فقہ اکیڈمی انڈیا (دہلی) کے زیر اہتمام ’قرآنی علوم کی نشر و اشاعت ہندوستان میں‘ کے موضوع پر منعقدہ دوروزہ قومی سمینار میں بحیثیت صدر جلسہ خطاب فرمارہے تھے۔انھوں نے کہاکہ قرآن کریم کا یہ اعجاز ہے کہ دنیا میں رائج تمام زبانوں میں اس کے تراجم ہوئے ہیں اور ہنوز یہ سلسلہ جاری ہے۔ سمینارمیں استقبالیہ کلمات ڈاکٹر صفدر زبیر ندوی نے پیش کیے۔سمینار کے موضوع کا تعارف اورافتتاحی خطاب مفتی احمد نادر قاسمی نے کیا، جب کہ نظامت سمینار کے کنوینر ڈاکٹر محمد قمر الدین قاسمی استاذ شعبہ عربی ذاکر حسین دہلی کالج ، دہلی یونیورسٹی نے کی۔ پہلی نشست میں ڈاکٹر ابوتراب قاسمی،یحیٰ قاسمی، منظر امام ،معراج احمد صدیقی اور ثناء اللہ (ریسرچ اسکالرز) نے اپنے مقالات پیش کیے۔ صدرنشست کے صدارتی خطاب کے بعد مفتی امتیازاحمد نے کلمات تشکر پیش کیے۔
سمینار کی دوسری اکیڈمک نشست میں ڈاکٹر فریداحمد، ڈاکٹر محمد قمر الدین قاسمی، ڈاکٹر کہف الوریٰ، ڈاکٹر عبد الملک رسولپوری، ڈاکٹر جسیم الدین، ابو فہد الیاس رامپوری ندوی، ڈاکٹر صفدر زبیر ندوی، مفتی امتیاز احمد قاسمی، غیاث الاسلام صدیقی اور درخشاں عشرت (جامعہ ہمدرد) نے مقالات پیش کیے۔اس نشست کی صدارت معروف اسلامی اسکالرڈاکٹر رضی الاسلام ندوی نے کی ۔جبکہ نظامت مفتی امتیاز احمد نے کی ۔ کلمات تشکر سمینار کے کنوینر ڈاکٹر قمر الدین قاسمی نے پیش کیے ۔قبل ازیں صدر نشست ڈاکٹر رضی الاسلام ندوی نے مقالات پر اپنے گراں قدر تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے اسلامک فقہ اکیڈمی کی ہمہ جہت کاوشوں کی ستائش کی اور مقالہ نگاروں کے لیے ناگزیر امور کی طرف توجہ دلائی۔






