صحافی عارف اقبال ”علامہ سید سلیمان ندوی“ ایوارڈ سے سرفراز ، دانشوران کی مبارکباد

ارریہ: ای ٹی وی بھارت اردو سے وابستہ جواں سال صحافی و مصنف محمد عارف اقبال کو دربھنگہ میں مدرسہ اسلامیہ جھگڑوا کی جانب سے منعقد ایک علمی تقریب میں ان کی صحافتی خدمات، کالم نگاری اور بزرگوں کی حیات و خدمات پر شائع دیگر کئی کتابوں کے اعتراف میں ”علامہ سید سلیمان ندوی “ ایوارڈ سے نوازا گیا۔ یہ ایوارڈ تقریب میں موجود مہمان خصوصی ڈاکٹر شکیل احمد (سابق مرکزی وزیر مملکت برائے امور داخلہ حکومت ہند)، ڈاکٹر تنویر حسن (سابق ایم ایل سی) اور آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ کے رکن مولانا انیس الرحمن قاسمی کے ہاتھوں عارف اقبال کو پیش کیا گیا۔ اس موقع پر ڈاکٹر شکیل احمد نے کہا کہ عارف اقبال ایک سنجیدہ فکر، روشن خیال اور زمینی سطح کی صحافت کے لئے جانے جاتے ہیں، بہت کم ایسے صحافی ہیں جو مشکل بھرے اس پیشہ کے ساتھ اردو ادب سے تعلق رکھتے ہوئے اعلیٰ مقام حاصل کرتے ہیں، عارف اقبال نے اس کم عمری میں اپنی محنت، جدوجہد اور منفرد سوچ کی وجہ سے علمی و ادبی دنیا میں منفرد درجہ حاصل کیا ہے۔میں ذاتی طور سے ان کی صلاحیت و صالحیت سے متاثر رہا ہوں، انہیں دیکھ کر لوگوں کو یقین نہیں ہوتا کہ یہ تین ضخیم کتابوں کے مصنف اور مولف ہیں۔ ڈاکٹر تنویر حسن نے کہا کہ عارف اقبال جیسے نوجوان کی صحافتی دنیا کے ساتھ ساتھ سماجی طور پر بھی ضرورت ہے۔ ملک کے بدلتے حالات اور خط افلاس کے نیچے گزر بسر کر رہے لوگوں کے مسائل وہ اپنے کالم کے ذریعہ اٹھاتے رہے ہیں، کووڈ متاثر ہونے کے باوجود انہوں نے اپنی صحافتی ذمہ داری کے تئیں بیدار رہے اور انتظامیہ کی لاپرواہی حکومت کو آگاہ کیا۔ عارف اقبال جیسا بلند حوصلہ اور اپنے کاموں کے تئیں فکر پیدا کرنے کی ضرورت ہے، آج کی نئی نسل کو ان سے سبق حاصل کرنا چاہئے کہ اچھا اور بہتر کام کی ستائش ہر عہد میں ہوتا رہا ہے۔ عارف اقبال کو مذکورہ ایوارڈ ملنے پر ارریہ شہر کے مختلف مکتبہ فکر کے لوگوں نے مبارک باد پیش کی ہے، مبارک باد پیش کرنے والوں میں سابق رکن پارلیمان سرفراز عالم، جوکی ہاٹ ایم ایل اے شاہنواز عالم، ارریہ رکن اسمبلی عابد الرحمن، رکن اسمبلی امیدوار شگفتہ عظیم، ضلع پریش چیئرمین آفتاب عظیم، امارت شرعیہ کے قاضی شریعت قاضی عتیق اللہ رحمانی، شاعر دین رضا اختر، رضی احمد تنہا، ارریہ پریس یونین سے وابستہ سینئر صحافی پرویز عالم، امت کمار امن، قمر عالم، فیروز عالم، عبدالغنی، روی کمار بھگت، ستیش کمار، ہارون رشید غافل، مشتاق احمد صدیقی، گرلس آئیڈیل اکیڈمی کے ڈائرکٹر پروفیسر اعلیٰ مختور مجیب، آزاد اکیڈمی کے استاذ ارشد انور الف، مدرسہ اسلامیہ یتیم خانہ کے پرنسپل مولانا شاہد عادل قاسمی، جمعیۃ علماء ہند ارریہ کے جنرل سکریٹری مفتی اطہر القاسمی اور مفتی ہمایوں اقبال ندوی وغیرہ کے نام شامل ہیں۔