جنرل لائیڈ آسٹن امریکہ کے پہلے سیاہ فام وزیر دفاع ہوں گے

امریکہ کے نومنتخب صدر جو بائیڈن نے کہا ہے کہ وہ جمعہ کو وزیر دفاع کے نام کا باقائدہ اعلان کریں گے مگر خبروں کے مطابق انہوں نے ریٹائرڈ آرمی جنرل لائیڈ آسٹن کو اپنا وزیر دفاع بنایا ہے ۔ جنرل آسٹن امریکہ کے پہلے سیاہ فام وزیر دفاع ہوں گے۔ وزیر دفاع کی دوڑ میں محکمہ دفاع کی سابق پالیسی سربراہ میشل فلورنائے بھی تھیں اور وہ بھی اگر وزیر دفاع بنتیں تو وہ امریکہ کی پہلی خاتون وزیر دفاع ہوتیں۔
مسٹر بائیڈن نے پیر کو وزیر دفاع اور اٹارنی جنرل کے انتخاب کے پیش نظر پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں نامہ نگاروں کو بتایا ’’میں آپ کے لئے بدھ اور جمعہ کو اعلان کروں گا۔ دفاع سے متعلق اعلان جمعہ کو‘‘۔ توقع کی جارہی ہے کہ مسٹر بائیڈن بدھ کے روز اٹارنی جنرل کے نام کا اعلان کرسکتے ہیں لیکن اس مرتبہ انہوں نے نامہ نگاروں کے سوالوں کا واضح طور پر جواب نہیں دیا۔ جنرل آسٹن سابق امریکی صدر براک اوبامہ کے قریبی مانے جاتے ہیں۔