جماعت اسلامی ہند کے اعلی سطحی وفد نے کسان یونین کے قائدین سے ملاقات کی

         نئی دہلی : جماعت اسلامی ہند کے ایک اعلیٰ سطحی وفد نے دہلی کے ٹکری بارڈر کا دورہ کیا اور کسان مظاہرین اور ان کے قائدین سے ملاقات کی۔ زرعی قوانین کے خلاف ملک کے کسان ہفتوں سے احتجاج کررہے ہیں۔ ان کا مطالبہ ہے کہ حکومت ان قوانین کو واپس لے۔ جماعت اسلامی ہند کسانوں کے مطالبات کو جائز قرار دیتے ہوئے حکومت سے ان قوانین کو واپس لینے کا مطالبہ کرتی ہے۔ یہ باتیں جماعت اسلامی ہند کے قومی سکریٹری جناب ملک معتصم خان نے ٹکری بارڈر کا دورہ کرنے کے بعد میڈیا کو جاری اپنے بیان میں کہی۔ اس وفد میں قومی سکریٹری جناب شفیع مدنی صاحب، پنجاب کے امیر جناب عبد الشکور صاحب بھی شامل تھے۔ وفد نے کسان آندولن کا تفصیلی جائزہ لیا اورمتعدد کسان مظاہرین کے علاوہ بھارتی کسان یونین ”ایکتا اوگراہان“ کے چیف شری جوگیندر سنگھ اوگراہان اور سینئر وائس پریسیڈنٹ شری جھنڈا سنگھ جیتوک سے ملاقات کی اور صورت حال پر بات چیت کی۔ جناب معتصم خاں نے بتایا کہ سخت سردی میں بوڑھے، عورتیں اور بیمار کسان انتہائی پریشانی کے عالم میں ہیں مگر وہ تمام ہندوستانیوں کے لئے اپنے دل میں نیک جذبات لئے ہوئے ان پریشانیوں کو بخوشی برداشت کررہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ احتجاج ہر ہندوستانی کے فائدے کے لئے ہے اور حکومت نے جو تین زرعی قوانین بنائے ہیں اس کا نقصان ملک کے ایک ایک فرد کو اٹھانا پڑے گا اور زمین کے مالکان کو ان کی اپنی زمین میں ہی مزدور بنا دیا جائے گا جبکہ اس کا پورا فائدہ کارپوریٹ گھرانوں اور سرمایہ داروں کو پہنچے گا، نتیجے میں مہنگائی آسمان چھولے گی اور عام آدمی کی زندگی مشکل ترین بن جائے گی۔ان قوانین کے نفاذ کے بعد کارپوریٹس اور سرمایہ داروں کے لئے کسانوں کے اناج کو اونے پونے خرید کر مہنگے داموں میں فروخت کرنے کا راستہ کھل جائے گا جس سے صرف کسانوں کا نقصان اور ساہو کاروں کو فائدہ ملے گا۔ لہٰذا اس وقت کسان جس لڑائی کو لڑ رہے ہیں اس میں سب کو ان کے کندھے سے کندھا ملا کر اس تحریک کو مضبوط بنانے کی ضرورت ہے۔ وفد میں جناب اشتیاق، زاہد حسین، ہریانہ کے علی فلاحی اور اسد فلاحی بھی شامل تھے۔ قابل ذکر ہے کہ جناب ملک معتصم خاں نے اس سے قبل پانچ دسمبر کو بھی کسانوں سے اظہار یکانگت کے لئے ایک وفد کے ساتھ سنگھور بارڈ کا دورہ کیا تھا جس میں دہلی پردیش کے امیر جناب عبد الوحید بھی شامل تھے اور منچ پر پہنچ کر انہوں نے اپنے خیالات کا اظہار کیا تھا۔ موقع پر موجود کسانوں نے وفد کا گرمجوشی سے استقبال کیا اور زرعی قوانین کے خلاف جماعت اسلامی ہند کی جانب سے کسانوں کے موقف کی تائید پر خوشی کا اظہار کیا۔