ململ میں ”گفٹ” کے زیرِ اہتمام کیئریر کاؤنسلنگ سیشن کا انعقاد

مدھوبنی: (پریس ریلیز) ‘ موجودہ دورمیں ٹکنالوجی کے میدان میں ہونے والی ترقیوں نے مارکیٹنگ کے پرانے طورطریقوں اورسوچ کو پوری طرح بدل دیا ہے۔ ڈیجیٹل مارکیٹنگ میں کیئریرسازی کے بہت مواقع ہیں۔ انٹرنیٹ اورموبائل فون کے ساتھ آپ کہیں بھی ہوں پوری دنیا سے رابطے میں رہ سکتے ہیں۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ میڈیکل اور انجینئر نگ کے روایتی شعبوں کے ساتھ ساتھ طلبہ و طالبات ان نئے میدانوں میں بھی قسمت آزمائی کریں۔ ” مندرجہ بالا باتیں شارق انور، سیلز منیجر، ٹیگزاین ٹکز، نئی دہلی نے ‘ ململ پبلک لائبریری ‘ میں ” ڈیجیٹل مارکٹنگ میں کیئر یر کے مواقع” کے موضوع پر ایک کیئریر کاؤنسلنگ سیشن میں طلبہ و طالبات سے خطاب کرتے ہوئے کہا۔
اس سے پہلے گریٹ انڈیا فاؤنڈیشن ٹرسٹ (گفٹ)، ململ کے جنرل سکریٹری جناب نجم الہدیٰ ثانی نے سیشن کا آغاز کرتے ہوئے اپنے افتتاحی کلمات میں مہمانوں اور طلبہ و طالبات کا استقبال کرتے ہوئے کیئریر کاؤنسلنگ کی اہمیت پرروشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ ‘گفٹ’ کے زیرِ اہتمام اس طرح کے پروگرامز پہلے بھی ہوئے ہیں اوران کے فائدےکے پیشِ نظرمستقبل میں بھی اس طرح کے پروگرامز کا انعقاد ہوتا رہے گا۔
سماجی کارکن ڈاکٹرمہتاب عالم کی قیادت میں مدھوبنی سے آنے والے تعلیمی وفد نے طلبہ وطالبات کے لئے جاری مختلف حکومتی اسکیموں کے متعلق انہیں جانکاری دی۔ جناب عبدالتواب ہاشمی نے خاص طورپر ‘اسٹوڈنٹس کریڈٹ کارڈ’ کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ ضرورت اس بات کی ہے کہ مسلم طلبہ و طالبات اس اسکیم سے فائدہ اٹھانے کی کوشش کریں۔
تعلیمی و رفاہی تنظیم ” گریٹ انڈیا فاؤنڈیشن ٹرسٹ ” (گفٹ)، ململ کے زیرِ اہتمام اس پروگرام میں طلبہ و طالبات کے علاوہ مدرسہ چشمہء فیض، ململ کے مہتمم ، مولانا فاتح اقبال ندوی قاسمی،’اسٹیپ ٹو سکسس ‘کوچنگ کلاسز کے ڈائریکٹر ، طلحہ حسین، سماجی کارکن، ڈاکٹر مہتاب عالم، بھگوان جھا، عبدالتواب ہاشمی، رام کمار مشرا، خوشبو جھا اور تابندہ شیخ موجود تھیں۔ پروگرام کا اختتام نجم الہدیٰ ثانی کے کلماتِ تشکر پرہوا ۔